زیادہ ایکسپورٹس اورآمدن والے شہر کو نظر انداز کیوں کیا گیا؟،عبدالشکور مرزا
اپنا حق حاصل کرنے اور سیالکوٹ کو ڈویژن بنانے تک ہم جدو جہد کرتے رہیں گے
دبئی (طاہر منیر طاہر) سیالکوٹ پاکستان کا ایک ایسا منفرد ضلع ہے جس کے شہریوں اور خاص طور پر یہاں کی بزنس کمیونٹی نے اپنی مدد آپ کے تحت ایشیاء کی اولین ڈرائی پورٹ، دنیا کا پہلا کمیونٹی انٹر نیشنل ائرپورٹ اور اپنی ائرلائن بھی بنا ئی۔
جبکہ یہ ضلع اپنی معیاری مصنوعات برآمد کرکے ہر سال 2600 ملین یو ایس ڈالر زر مبادلہ کما کر ملکی معیشت کو مستحکم کر رہا ہے لیکن اس سے انتہائی کم اہمیت رکھنے والے ضلع گجرات کو ڈویثرن کا درجہ دے دیا گیا ہے اور سیالکوٹ کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔
اس بارے میں وائس چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی سیالکوٹ عبدالشکورمرزا نے اپنے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران مختلف طبقہ فکر کے لوگوں، ضلع سیالکوٹ اور نارووال سے تعلق رکھنے والوں سے ملاقات کی،عبدالشکورمرزا نے سیالکوٹ کو ڈویژن بناؤ تحریک کے مقصد سے لوگوں کو آگاہ کیا، جس پر امارات میں مقیم اہل سیالکوٹ نے انہیں اپنی طرف سے ہر قسم کے تعا ون کا یقین دلایا۔
اس موقع پرغلام محی الدین، مہر محمد عظیم ،چودھری عبدالغفار،چودھری مبشر جبار، مہر محمد ماجد، مہر خرم غفاراور چودھری عبدالمجید نے کہا کہ ہم اپنا حق حاصل کرنے اور سیالکوٹ کو ڈویژن بنانے تک جدو جہد کرتے رہیں گے۔
اس موقع پر اظہار یک جہتی کرتے ہوئے متذکرہ افراد نے کہا کہ ہم دام، درمے، سخنے اس تحریک کے ساتھ ہیں اور بیرون ملک سے سیالکوٹ کو ضلع بنانے کے حق میں آواز بلند کرتے ہیں۔