اللہ کا قرب حاصل کرنا چاہتے ہو تو نماز قائم کرو،ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کا معراج النبیؐ کانفرنس سے خطاب
منہاج القرآن انٹرنیشنل گوتن برگ،سویڈن کے زیر اہتمام سیلمی کمیونٹی سنٹر میں معراج النبیؐ کانفرنس کا انعقاد
چیئرمین سپریم کونسل نے کانفرنس کے شاندار انعقاد پر جملہ منتظمین کو مبارکباد دی
گوتن برگ(انصر اقبال بسرا)منہاج القرآن انٹرنیشنل گوتن برگ، سویڈن کے زیر اہتمام سیلمی کمیونٹی سنٹر میں منعقدہ معراج النبیؐ کانفرنس سے چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے تاجدارِ کائناتؐ کو جن معجزات سے مشرف فرمایا اُن میں سفرِ معراج نہایت عظیم الشان ہے، آپ ؐنے اپنے جسمانی وجود کے ساتھ مسجد حرام سے مسجد اقصیٰ تک کا سفر کیا، پھر وہاں سے آسمانوں اور اس سے بالا جنّت و عرش کی سیر کی اور اللہ رب العزت کی بے شمار نشانیوں اور عجائبات کا مشاہدہ فرمایا۔
اللہ تعالیٰ نے حضور کی امت کو سفر معراج کا تحفہ نماز عطاء کی اور حضور تاجدار کائنات ؐ فرماتے ہیں کہ نماز میری آنکھوں کی ٹھنڈک اور مومن کی معراج ہے۔ اگر ہم حقیقی معنوں میں اللہ کا قرب حاصل کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں چا ہئے کہ ہم نماز قائم کریں۔ اللہ تعالیٰ کے دیئے اس تحفے کی قدر کریں اس سے ہمارے آقا محبوب سبحانی کی آنکھوں کو راحت ملے گی حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خوش ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن کے رفقاء و اراکین و وابستگان نے امت کے دلوں میں جزبہ حب نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو موجزن کرنا ہے اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ وہ ہمیں عشق مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سرشار ہوکر خدمتِ دین کا فریضہ سر انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔ چیئرمین سپریم کونسل نے کانفرنس کے شاندار انعقاد پر جملہ منتظمین کو مبارکباد دی۔
معراج النبیؐ کانفرنس میں بابر شفیع شیخ صدر MQI سویڈن، ڈاکٹر ذیشان عتیب سیکرٹری جنرل MQI سویڈن، نعمان شیر گڑھ صدر MQI گوتن برگ، چوہدری ذوالفقار علی سیکرٹری جنرل MQI گوتن برگ، یاسر اقبال نائب صدر MQI گوتن برگ، مظہر اقبال، طارق گجر، نوید احمد، ملک قیصر، محمد اکرم، ولید الیاس، جمال نعمان، محمد آصف، تیمور کھگا، ڈاکٹر ندیم عاصم، علامہ محمد اویس قادری، وقاص رؤف، حافظ ذیشان سمیت علماءِ کرام، سیاسی، سماجی اور صحافتی شخصیات منہاج یورپین کونسل، منہاج القرآن انٹرنیشنل گوتن برگ کے ذمہ داران، رفقاء و کارکنان، اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔