امریکہ میں پاکستانی سفارتخانہ واشنگٹن، نیویارک قونصلیٹ اور اقوام متحدہ مشن نیویارک میں اہم سفارتی تقرریاں و تبادلے
نیویارک (رپورٹ:طاہرمحمود چوہدری) امریکہ میں پاکستان سفارتخانہ واشنگٹن، نیویارک قونصلیٹ اور پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ نیویارک میں وزارت خارجہ اور وزارت اطلاعات کی جانب سے سفارتی عملے کی اہم تقرریاں اور تبادلے کیے گئے ہیں۔
پاکستان قونصلیٹ نیویارک میں 4 سال قونصل جنرل رہنے والی عائشہ علی کو ترقی دے کر سنٹرل یورپ کے ملک چیک ری پبلک (پراگ) کے لیے سفیر نامزد کیا گیا ہے. جبکہ نیویارک قونصلیٹ کے لیے نئے قونصل جنرل عامر احمد عطوزئی کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
ان2 بڑی تبدیلیوں کے علاوہ پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن ڈی سی میں پریس اتاشی ملیحہ شاہد کی جگہ ضیغم عباسی کو نیا پریس اتاشی مقرر کیا گیا ہے،جبکہ پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ نیویارک میں پریس قونصلر ڈاکٹر مریم شیخ کی جگہ امانت علی چوہدری نئے پریس قونصلر ہوں گے،اس طرح امریکہ جیسے اہم سٹیشن پر اب 2خواتین پریس آفیسرز کی جگہ 2 مرد پریس آفیسرز کا سکواڈ اپنا چارج سنبھالے گا۔
پاکستانی سفارت خانہ واشنگٹن ڈی سی میں 3 سال سے پریس اتاشی ملیحہ شاہد نے بتایا کہ "وہ رواں سال اگست تک اپنی معینہ مدت پوری ہونے تک کام کرتی رہیں گی،اس اسائنمنٹ کے بعد وہ واپس اسلام آباد رپورٹ کریں گی،پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ نیویارک میں بھی3سال سے پریس قونصلر تعینات ڈاکٹر مریم شیخ کا کہنا تھا کہ "جولائی کے آخر تک وہ نیویارک میں رہیں گی،بعدازاں واپس انفارمیشن منسٹری اسلام آباد چلی جائیں گی۔”
امریکہ کے علاوہ پاکستان ہائی کمیشن اٹاوا، کینیڈا میں بھی پریس قونصلر تعینات حامد رضا خاں وٹو کی جگہ سیدہ نگہت عامر نئی پریس قونصلر ہوں گی،حامد رضا وٹو کے مطابق وہ اپنی اگلی تقرری کے لیے اسلام آباد واپس جائیں گے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں مختلف ممالک میں تقرر کیے جانے والے11 پریس قونصلرز اور 3 پریس اتاشیوں میں سے اکثریت ایسے پریس آفیسرز کی ہے جن کو پہلی بار فارن پوسٹنگز دی گئی ہیں۔