پاکستان جرنلسٹس فورم متحدہ عرب امارات میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے،سفیر پاکستان فیصل نیاز ترمذی

0

پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے صحافی بہترین ممد و معاون ثابت ہو سکتے ہیں

پی آئی اے کو پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے سیاحتی مقامات تک زیادہ فلائٹس چلانے کی ضرورت ہے

پاکستان کا 76 واں یوم آزادی سفیرپاکستان متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں پاکستان جرنلسٹس فورم کے ساتھ منایا

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان کا 76 واں یوم آزادی سفیرپاکستان برائے متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں پاکستان جرنلسٹس فورم کے ساتھ منایا،پا کستان ایسوسی ایشن دبئی کے ارکان اورپی جے ایف کے ممبران نے سفیر پاکستان کے ساتھ مل کر یوم آزادی کا کیک کاٹا، ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لئے دعا کی۔

اس موقع پر قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کی پریس قونصلر شازیہ سراج بھی موجود تھیں، پا کستان ایسوسی ایشن دبئی کی طرف سے راجہ امجد کبیر، ابو بکر امتیاز، نفر حسین اور نعیم رسول جبکہ پاکستان جرنلسٹس فورم کی طرف سے سہیل خاور، اشفاق احمد، سعدیہ عباسی، حافظ زاہد علی، ارشد انجم، نائمہ لاشاری، خالد محمود گوندل، اعجاز گوندل، عارف شاہد، وحید بابر، کاشان تمثیل ہاشمی، زمرد بونیری، آصف خان، جمیل خان، طاہر منیر طاہر اور پی جے ایف میں شمولیت اختیار کرنے والے نئے ممبران نے شرکت کی۔

اس موقع پر سفیرپاکستان برائے متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کے لئے صحافی بہترین ممد و معاون ثابت ہو سکتے ہیں، صحافیوں کو چاہیے کہ وہ اپنے قلم کے ذریعے پاکستان کے خوبصورت مقامات کے بارے دوسروں بتائیں اور لوگوں کو پاکستان کی سیاحت کے لئے راغب کریں۔

سفیر پاکستان نے بتایا کہ دبئی سے سکردو پہلی فلائٹ کے موقع پر انہوں نے پی آئی اے کے چیئرمین سے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں سیاحت کے فروغ کےلئے پاکستان کے سیاحتی مقامات تک زیادہ فلائٹس چلائیں تا کہ سیاحت کو فروغ ملے۔

امارات میں صحافیوں کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ پاکستان جرنلسٹس فورم متحدہ عرب امارات میں نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے،پاکستان جرنلسٹس فورم بیرون ملک پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کر رہا ہے اور پاک ، یو اے ای تعلقات کو خوشگوار اور مضبوط کرنے کے لئے اپنا فرض بطریق احسن نبھا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ صحافیوں کی دعوت پرپا کستان ایسوسی ایشن دبئی میں آ کر خوشی اور مسرت محسوس کرتے ہیں، اس موقع پر پاکستان جرنلسٹس فورم یو اے ای کی طرف سے سفیر پاکستان برائے متحدہ عرب امارات فیصل نیاز ترمذی کو امارات میں پاکستانی کمیونٹی کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دینے پر خصوصی اعزازی شیلڈ دی گئی، جس پر سفیر پاکستان نے پاکستان جرنلسٹس فورم کا شکریہ ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!