خطرناک اور مہلک بیماریوں میں غیبت سر فہرست ہے،علامہ محمد نذیر مہروی کا جمعۃ المبارک کے اجتماع سے خطاب

0

برمنگھم والسل (تارکین وطن نیوز) خطرناک اور مہلک بیماریوں میں غیبت سر فہرست نظر آتی ہے ان خیالات کا اظہار علامہ محمد نذیر مہروی نے سینٹرل جامع مسجد رضا والسل میں جمعۃ المبارک کے اجتماع میں خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ غیبت سے لوگوں کے درمیان تفریق پیدا ہوتی ہے اور عداوت نسلوں تک جاتی ہے لوگوں کی عزت کو بھرے مجمع میں تارتار کرنا تو معمولی بات ہے جبکہ غیبت سے بھیانک نتائج مرتب ہوتے ہیں۔

علامہ مہروی نے کہا جو شخص دوسروں کی غیبت کرتا ہے، اس شخص میں بہت سی بری صفات پیدا ہوجاتی ہیں مثلاً کینہ ،بغض ،حسد ،فخر وغرور ،انسانیت سے عاری خوف خداوندی سے دوری اپنے عیوب کو نہ دیکھنا ایسا شخص فاسق ہوتا ہے کیونکہ غیبت کرنا بھی کبیرہ گناہوں میں سے ایک گناہ کبیرہ ہے اللہ جل شانہ نے قرآن پاک میں اس سے منع فرمایا ہے اس لئے کہ غیبت زبان کا عمل ہے اس کا وبال حسد سے بھی زیادہ ہے یہ ایسا برا عمل ہے جیسے مردہ بھائی کا گوشت کھا نا اور نبی اکرمﷺ نے اپنی امت کو اس سے بچنے کا حکم دیا ہے اور فرمایا تم غیبت سے بچو کیونکہ یہ زنا سے بھی زیادہ سخت ہے۔

اس لئے کہ زانی کی توبہ قبول ہے مگر غیبت کرنے والے کو اللہ تعالیٰ اس وقت تک نہیں بخشے گا جب تک وہ شخص اسے معاف نہ کرے جس کی اس نے غیبت کی تھی علامہ محمد نذیر مہروی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سلیمان بن جابر ایک دن رحمت عالم ﷺ کی خدمت اقدس حاضر ہوئے اور درخواست کی کہ مجھے ایسی باتیں تعلیم فرمائیں سکھائیں جو میرے لئے ہمیشہ فائدہ مند ہوں اور میں ان پر عمل پیرا رہوں ۔

آقا کریمﷺ نے فرمایا ایک تو کسی بھی نیک کام کو معمولی نہ سمجھنا دوسرا مسلمانوں کے ساتھ خوش خلقی سے پیش آنا اور تیسری بات انکی کی کبھی بھی غیبت نہ کرنا کیونکہ غیبت ایسی بات ہے جن کے سننے سے کراہت محسوس ہوتی ہے اور یاد رہے غیبت زبان سے بھی ہوتی ہے ہاتھ اور آنکھ کے اشاروں سے بھی ہوتی ہے غیبت نیکیوں کو ایسے کھا جاتی ہے جیسے آگ لکڑیوں کو کھا جاتی ہے اللہ کریم ہم سب کو عمل کی توفیق عطا فرمائے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!