برلن (رپورٹ:مطیع اللہ) مشرقی جرمنی کے شہر بریمن میں اسرائیلی جارحیت، ظلم و ستم اور غزہ پر غاصبانہ قبضہ کے خلاف احتجاجی ریلی کا اہتمام کیا گیا ،احتجاجی ریلی میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
ریلی میں فلسطینی، ترکی ،پاکستانی ،عرب ممالک کے ساتھ ساتھ جرمن شہریوں نے اسرائیل کی جارحیت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا، ریلی کے موقع پر پولیس و سیکورٹی اداروں کی بڑی تعداد نے ریلی میں امن وامان بحال رکھا ۔
غزہ حمایتی ریلی بریمن سنٹرل ریلوے اسٹیشن سے شروع ہو کر شہر کی مختلف شاہراؤں سے گزر کر صوبائی اسمبلی کی بلڈنگ پر اختتام پزیر ہوئی ،ریلی پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے حلقہ احباب بریمن کے صدر فاروق بیگ ،تحریک کشمیر یورپ کے صدر منیر حسین اور دیگر پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
غزہ حمایتی ریلی کے منتظم فلسطینی تنظیم کے صدر سمیر ارسلان،مصر کے محمد سلیم اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اسرائیلی جارحیت اور ظلم و ستم کی بھر پور مزمت کرتے ہیں، فلسطین کی آزادی کے جہدو جہد جاری رکھنے کا عزم کرتے ہیں ۔
جرمنی میں اسرائیل مخالف احتجاج پر جرمن گورنمنٹ نے مختلف پابندیاں بھی عائد کر رکھی ہیں لیکن صوبہ بریمن میں کچھ نرمی ہے جس کی وجہ سے فلسطین کے ساتھ یک جہتی کرنے والے بہن بھائی اس سے بھرپور فائدہ اٹھا کر اسرائیل جارحیت کو بے نقاب کررہے ہیں۔