سینیٹراسحاق ڈارسے بیرسٹر امجد ملک کی ملاقات، اوورسیز پاکستانیوں کو منشور کے مطابق پارلیمان کا حصہ بنانے کا عزم

0

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر انٹرنیشنل افیئرز اینڈ اوورسیز پاکستانیز مسلم لیگ ن سینیٹر اسحاق ڈار سے چیف کوآردینیٹر انٹرنیشنل افیئرز بیرسٹر امجد ملک نے اسلام آباد میں خصوصی ملاقات کی ۔اوورسیزکے مسائل ، منشور میں شامل نکات ،انکا حل اور مسلم لیگ ن کے اوورسیز چیپٹرز کے بارے میں تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ بیرسٹر امجد ملک نے میاں شہباز شریف کی حلف برداری پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ سیاسی استحکام میں ہی ملکی ترقی کا راز پنہاں ہے۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی اقتصادی ترقی انکی جماعت کی حکومت میں اہم ترین ترجیح ہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کو منشور کے مطابق پارلیمان کا حصہ بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مندرجہ ذیل اقدامات انکی ترجیہات میں شامل ہوں گے، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے مخصوص نشستیں ،ون ونڈو سرمایہ کاری کی سہولت، مخصوص امیگریشن کاؤنٹرز،خصوصی عدالتیں اور کمرشل کاؤنٹرز، پبلک سیکٹر ہائو سنگ اسکیموں میں دس فیصد کوٹہ اور پانچ فیصد مالیاتی رعائت،خصوصی قومی بچت اسکیم،آن لائن بائیو میٹرک تصدیق، کاروباری منصوبوں اور سٹارٹ اپ کیلئے سہولت کاری، تمام صوبوں میں اوورسیز کمیشن کا قیام، وطن واپسی پر خوش آمدید اور مکمل سہولیات ، جائیداد سے متعلق تنازعات کا حل، تنازعات کے متبادل حل کیلئے طریقہ کار، زیادہ ترسیلات بھیجنے والوں کی ستائش اور انعام و کرام، دستاویزات کی آن لائن تصدیق، پاسپورٹ اور نادرا کی آن لائن سہولت، اور تارکین وطن پر مشتمل ایڈوائزری کونسلز کا قیام ان نکات میں شامل ہیں جن پر نئی حکومت میں خصوصی غور ہوگا۔

بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ محترم سینیٹر اسحاق ڈار صدر انٹرنیشنل افیئرز کیساتھ انکا تعلق ذاتی کیساتھ پروفیشنل اور روحانی بھی ہے۔ وہ ہمیشہ شفقت اور رہنمائی کرتے ہیں۔وہ ایک ایسے ٹیکنوکریٹ ہیں جو وہ بات کہتے ہیں وہ کرتے ہیں اور جو کرتے ہیں اس پر یقین رکھتے ہیں۔انکے ساتھ کام کرکے بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے۔وہ عہدوں میں جان ڈالنے والی تاریخ ساز شخصیت ہیں اور جہاں بھی انہیں کام کرنے کا موقع ملا وہ ملکی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑتے۔

بیرسٹر امجد ملک نے اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف ، صدر جماعت میاں شہباز شریف اور صدر اوورسیز سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان مسلم لیگ ن کے منشور میں تارکین وطن کا باب رکھ کے اور بامقصد اور بامعنی داد رسی کیلئے سولہ نکاتی پروگرام کا اعلان کرکے ملک سے محبت اور اس کے لئے محنت کرنیوالوں کی خدمت کی ہے اور انہیں صحیح معنوں میں نوازنے کا سوچا ہے۔ انہوں نے زور دیکر کہا کہ تارکین وطن کی پنجاب اور سنٹر میں نمائیندگی اوورسیز کے ہاتھ میں ہونی چاہیے، اوورسیز پاکستانی اپنے ملک کی بلا شرط حمائت جاری رکھیں گے۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پہلے بھی ملک کی خدمت کی تھی اب بھی بڑھ چڑھ کر ملک کی خدمت کریں گے اور اوورسیز پاکستانیوں کو منشور کے مطابق پارلیمان کا حصہ بنائیں گے۔انشااللہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مہمان نوازی کیساتھ ساتھ ملک کو درپیش اقتصادی چیلنجز سے آگاہ بھی کیا اور اوورسیز پاکستانیوں کو نوزائیدہ حکومت کی مکمل حمائت اور پاکستان کے بیرون ملک امیج کو اجاگر کرنے پر زور دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!