پاک فرینڈ آسٹریا کی جانب سے سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر کے اعزاز میں پُروقار الوداعی عشائیہ کا اہتمام
تقریب میں سفیر پاکستان سمیت سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی افیئر کونسلر شہزاد سلیم کی خصوصی شرکت
ویانا (رپورٹ: محمد عامر صدیق) پاک فرینڈ آسٹریا کی جانب سے سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر کے اعزاز میں ایک پُروقار الوداعی عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں سفیر پاکستان سمیت سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی افیئر کونسلر شہزاد سلیم نے خصوصی شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولﷺ سے کیا گیا،پاک فرینڈ آسٹریا کے صدر غلام مصطفی بلوچ کی جانب سے سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر کا عشائیے میں شرکت پر شُکریہ ادا کیا۔
انھوں نے اس موقع پر سفیر پاکستان کے آسٹریا میں گُزشتہ تین سالوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آفتاب احمد کھوکھر نے آسٹریا میں کامیاب سفارت کاری کے ذریعے پاکستان اور پاکستانیوں کا مورال بلند کیا اور یہی نہیں بلکہ پاکستان اور آسٹریا میں باہمی تجارت کا حجم بھی تاریخ کے بُلند درجے تک پہنچایا،مزید انہوں نے کہا آسٹریا سے پاکستان کیلئے سیاحت کے شعبہ میں خاصی کامیابی حاصل کی جس کی وجہ سے آسٹریا کے لوگ پاکستان کا رُخ کر رہے ہیں۔
اس موقع پر مزید مقررین نے سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر کو ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا، سفیر پاکستان آفتاب احمد کھوکھر نے عشائیہ کے انعقاد پر پاک فرینڈ آسٹریا کا شُکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک فرینڈ آسٹریا، پاکستانیوں کی نہ صرف بھر پور نمائندگی کررہی ہے بلکہ آسٹریا میں کامیابی سے خصوصی پروگرامز کا انعقاد کرکے پاکستان اور پاکستانیوں کا مورال بُلند کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
تقریب کے اختتام پر سفیر پاکستان کی جانب سے پاک فرینڈ آسٹریا کے ذمہ داران اور ممبران کا خصوصی طور پر شُکریہ ادا کیا گیا۔