پاکستان ہائی کمیشن ملائشیا میں یوم استحصالِ کشمیر کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد

0

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ظلم زیادہ دیر نہیں چل سکے گا، ،ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ

کوالالمپور (رپورٹ:محمد وقار خان) پاکستان ہائی کمیشن ملائشیا میں یوم استحصالِ کشمیر کی مناسبت سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں ہائی کمیشن آف پاکستان کے تمام آفیسرز ، اسلامی دنیا کے بنیادی حقوق کے لیے آواز بلند کرنے والی معروف تنظیم MAPIM کے پریزیڈنٹ اظمی عبد الحمید Yadim کے سرپرست حسن الدین محمد یونس ،ملائشیا کے سابق فارن منسٹر ڈاکٹر سید حامد البار ،ریسرچ اینڈ پبلیکیشن IAIS کے سربراہ ڈاکٹر عبداللطیف، پاکستانی و ملائشین سول سوسائٹی ، بزنس کمیونٹی ، سٹوڈنٹس اور ملائشین میڈیا کے علاوہ مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا،بعد ازاں ملائشین اور پاکستانی قومی ترانے چلائے گئے ۔

مقررین نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے غاصبانہ قبضے پہ دنیا کی خاموشی پہ حیرانی ہے کہ دنیا کیسے یہ دیکھ رہی ہے کہ گزشتہ 5 سال سے دنیا کی حسین ترین وادی کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں بدل دیا گیا ہے ۔

ہندوستانی غاصب افواج کشمیری شہریوں کے بنیادی شہری حقوق کو غصب کیے ہوئے ہے ، ہمیں بطور مسلمان اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کے لیے اپنی اواز کو یکجا کرنا ہوگا ۔

ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا ، انہوں نے کشمیری بھائیوں کو یقین دلایا کہ ہم ہمیشہ کی طرح اخلاقی طور پر ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔ ظلم کا یہ منظر زیادہ دیر نہیں چل سکے گا ، ان شاءاللہ ایک دن آئے گا جب کشمیری عوام آزادی کا سورج دیکھیں گے ۔

سربراہ MAPIM، اظمی عبد الحمید نے اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر بھی اپنے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ فلسطینی عوام پہ جاری ظلم مغربی دنیا کو نظر نہیں آتا انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی اور تمام مسلم امہ عرب ممالک کے ساتھ ساتھ پاکستان کی طرف بھی امید بھری نظروں سے دیکھتے ہیں ، آج ضرورت صرف مسلم امہ کے اتحاد کی ہے تاکہ مسلمانوں پر جاری ظلم و ستم ختم ہو اور ظالم عناصر کا ہاتھ روکا جاسکے ۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان کی آواز میں آواز ملانے پر مقررین کو اعزازی اسناد اور شیلڈز پیش کی گئیں ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!