یونان میں تارکینِ وطن مزدوروں اور یونانیوں کیلئے منعقدہ فیسٹیول میں پاکستانی بریانی اور سموسوں کی دھوم

0

گلوکار تبسم بخاری کی پاکستانی موسیقی نے مقامی یونانیوں کو جھومنے پر مجبور کر دیا

ایتھنز (رپورٹ:انصر اقبال بسراء) یونان میں تارکینِ وطن مزدوروں اور یونانیوں کیلئے سالانہ فیسٹیول میں پاکستان جرنلسٹس کلب یونان نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستانی کھانوں کو متعارف کرایا، پاکستان کی بریانی اور سموسوں نے دھوم مچا دی۔

تفصیلات کے مطابق یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں یونان کی بڑی سیاسی جماعت کمیونسٹ پارٹی کے زیرِ اہتمام تارکینِ وطن مزدوروں اور یونانیوں کیلئے سالانہ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔

فیسٹیول کا مقصد یونان میں مہاجرین اور یونانیوں کوبغیر کسی نسلی امتیاز کے ایک دوسرے کے نزدیک لانا تھا اور یہ پیغام عام کرنا تھا کہ یونانی اور تارکینِ وطن مزدور ساتھ مل کر نہ صرف کام کرتے ہیں بلکہ ایک دوسرے کے کلچر سے بھی پیار کرتے ہیں اور وہ مہاجرین کے ساتھ ہیں۔

فیسٹیول میں یونان میں مقیم تارکینِ وطن کی مختلف کمیونٹیز نے لذیذ کھانوں کے اسٹال لگائے اور ثقافتی موسیقی بھی پیش کی،فیسٹیول میں پاکستان جرنلسٹس کلب یونان کے سابق جنرل سیکریٹری جاوید بلوچ نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بریانی اور سموسے پیش کئے جنہیں شرکا نے بے حد پسند کیا۔

یونان میں پاکستانی گلوکار تبسم بخاری کی پاکستانی موسیقی سننے کے بعد مقامی یونانی جھومنے لگے اور اسٹیج پر چڑھ کر ناچنے لگے جس پر پاکستانی گلوکار نے خوب داد وصول کی اور لوگوں نے مزید گانے سننے کیلئے بے حد اصرار کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!