اولڈہم (محمد فیاض بشیر سے) حسب روایت عید الفطر کے موقع پر نگینہ جامع مسجد اولڈہم میں نماز عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے ادا کی گئی ۔ پہلی جماعت پروفیسر ڈاکٹر عبد القدوس جبکہ دوسری جماعت جید عالم دین مولانا قاری خادم حسین چشتی اور تیسری جماعت قاری شبیر احمد نے پڑھائی ۔
مولانا قاری خادم حسین چشتی نے کہا کہ عید عہد و پیمان کا نام ہے ،ماہ رمضان کے دوران ہم تقوی اختیار کرتے ہوئے اپنی زبان و نفس کو سنبھال کے رکھتے ہیں، انکا مذید کہنا تھا کہ عید الفطر ہمیں پیغام دیتی ہے کہ جسطرح ہم ماہ رمضان میں تقوی اختیار کرتے ہیں اسی طرح سال بھر ہمیں اپنے نفس اور زبان کو سنبھال کے رکھنا چاہیے اسی میں اللّٰہ تعالیٰ کی رضا ہے۔

نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ عید کا مفہوم عبادت ہے نہ کے منفی سرگرمیوں کا حصہ بنیں ،پروفیسر ڈاکٹر عبد القدوس نے کہا کہ عید کے تہوار پر ہم دنیا کو امن کا پیغام دیتے ہیں، امت مسلمہ اپنے تہوار کا غیر مذہب سے موازنہ کریں تو ہمارے تہوار میں کتنی شائستگی اور خوبصورتی ہے۔
حافظ جاوید اقبال نے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم عید الفطر کے مسرت موقع پر ہماری تمام تر ہمدردیاں فلسطین کشمیر اور دنیا میں جہاں بھی انسانیت ظلم و ستم کا شکار ہے انکے ساتھ ہیں، اللّٰہ تعالیٰ انہیں آزادی نصیب کرے آمین ،سابق کونسلر عرفان نے امت مسلمہ کو دلی عید مبارک پیش کرتے ہوئے دکھی و مظلوم کی بہتری و آزادی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔
اولڈہم کونسل کے اپوزیشن راہنما کونسلر کامران غفور نے کہا کہ بحیثیت مسلمان ہمیں خوشی کے اس موقع پر فلسطین اور کشمیر کی مظلوم عوام اور ان پر ہونے والے مظالم بارے عالمی سطح پر آواز اٹھائیں یہ ہماری اخلاقی و مذہبی ذمہ داری ہے ۔
نگینہ جامع مسجد میں نماز عید الفطر ادا کرنے والے اہل ایمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دنیا میں دکھی انسانیت کا مداوا کیے بغیر ہماری خوشیاں ماند ہیں۔