متحدہ عرب امارات میں موجود تمام پاکستانی اسکولز سے اساتذہ اور طلباء کی شرکت
پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی دبئی کے بچوں نے خوبصورت ٹیبلوز پیش کئے
اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں اور نسلوں کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،چوہدری خالد حسین
دبئی (طاہر منیر طاہر) ہمیشہ کی طرح اس بار بھی پاکستان سوشل سینٹر شارجہ میں چوہدری خالد حسین کی زیرِ صدارت انٹرنیشنل ٹیچرز ڈے انتہائی جوش وخر وش کے ساتھ منایا گیا۔سوشل سینٹر کے قائداعظم ہال میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا۔
ڈاکٹر اکرم شہزاد نے قرآنی آیات تلاوت کیں،متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے ترانے بجائے گئے، اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سید ارسل عباس نقوی اور سیدہ عیشال زینب نے بخوبی نبھائے۔ متحدہ عرب امارات میں موجود تمام پاکستانی اسکولز سے اساتذہ کو مدعو کیا گیا تھا۔
ہر اسکول کی انتظامیہ نے اپنی جانب سے اپنے اساتذہ میں سے دو دو نام اعزازی شیلڈ کے لئے بھجوائے تھے، اس تقریب کی مہمانِ خصوصی مسز شمائیلہ احمد پرنسپل ایجوکیشن اکیڈمی اور مہمانِ اعزازی مس لبنی تھیں، اس موقع پر پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی دبئی کے بچوں نے خوبصورت ٹیبلوز پیش کئے،بچوں نے اپنے اسا تذہ سے عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے تقاریر کیں، نظمیں پڑھیں اور ایک خوبصورت خاکہ بھی پیش کیا۔
چوہدری خالد حسین اور مسز شمائیلہ نے منتخب اساتذہ کو ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے شیلڈ ز سے نوازا، مس شمائلہ احمد پرنسپل پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی دبئی اور چوہدری خالد حسین صدر پاکستان سوشل سینئر شارجہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم آج یوم اساتذہ پر تمام اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کی محنت اور خلوص کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں اور نسلوں کو سنوارنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،کلچرل ہیڈ پاکستان سوشل سینئر شارجہ صائمہ نقوی کا کہنا تھا کہ ہمیں اساتذہ کی قدر کرنی چاہئے۔ان کو معاشرے میں وہ حق اور مقام دینا چاہتے جس کے وہ مستحق ہیں۔
اسلام میں اساتذہ کا مقام بہت بلند ہے۔انٹرنیشنل ٹیچرز ڈے تقریب کے آخر میں کیک کاٹا گیا،تمام مہمانوں کی تواضع اشیائے خورد و نوش سے کی گئی،اس طرح ایک خوبصورت تقریب اختتام پذیر ہوئی۔