اسلام آباد (محمد عبداللہ شہزاد) فٹبال کی دنیا کے سب سے بڑے ایونٹ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، اس بار ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 1 ارب امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو کہ تاریخ کی سب سے زیادہ انعامی رقم میں شمار کی جا رہی ہے۔
یہ میگا ایونٹ امریکہ، کینیڈا، اور میکسیکو میں منعقد ہوگا، جس میں پہلی بار 48 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ فٹبال کے شائقین کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ اس ورلڈ کپ میں استعمال ہونے والی فٹبال پاکستان میں تیار کی گئی ہے۔ سیالکوٹ، جو اپنی اعلیٰ معیار کی اسپورٹس مصنوعات کے لیے مشہور ہے، ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی مہارت کا لوہا منوانے جا رہا ہے۔
پاکستان اس سے قبل بھی کئی فیفا ورلڈ کپ کے لیے سرکاری میچ بال فراہم کر چکا ہے، اور 2026 کے ورلڈ کپ میں بھی پاکستانی فٹبال استعمال کی جائے گی۔ ماہرین کے مطابق، پاکستان کی بنی ہوئی فٹبالز اپنی پائیداری، ہلکے وزن، اور جدید ترین ٹیکنالوجی کی بدولت عالمی سطح پر بے حد مقبول ہیں۔
یہ ٹورنامنٹ 11 جون 2026 سے شروع ہوگا اور فائنل 19 جولائی 2026 کو نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ عالمی چیمپئن بننے کے لیے ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے، جبکہ پاکستانی فٹبال کا استعمال ملک کے لیے باعث فخر لمحہ ہوگا۔