برسلز(نمائندہ خصوصی)پاکستان کے تاریخی ثقافتی مقام ’بھیر مونڈ‘ کو بین الاقوامی آرٹسٹک پروجیکٹ( Terre d’Origine ) میں شامل کیا جائے گا ۔ اس بات کا فیصلہ پراجیکٹ کے منتظمین اور سفیر پاکستان ظہیر اے جنجوعہ کی سفارت خانے میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔
سفیر پاکستان نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ثقافت اور متنوع روایات کی سرزمین ہے۔ شمال میں گندھارا تہذیب سے لے کر جنوب میں موہنجو داڑو تک، پاکستان کو ثقافتی لحاظ سے متنوع تہذیبیں وراثت میں ملی ہیں۔
سفیر پاکستان نے وفد کو پاکستان میں موجود تاریخی مقام ’بھیر مونڈ‘ کے بارے میں آگاہ کیا جو 800-525 قبل مسیح کے دور کے ٹیکسلا کے قدیم ترین آثار میں سے ایک ہے اور یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل ہے۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے ملک کی سیاحتی صلاحیت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بدھ مت، سکھ اور ہندو مت کے مقدس مقامات کا مرکز ہے۔ انہوں نے نومبر 2019 میں کرتار پور کوریڈور کے افتتاح سمیت مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیل سے آگاہ کیا، سفیر پاکستان نے وفد کو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
ملاقات میں پاکستانی سفیر نے وفد کو بھیر مونڈ کی زمین کا ایک نمونہ بھی پیش کیا جسے بین الاقوامی آرٹ پروجیکٹ میں شامل کیا جائے گا جس میں دنیا بھر سے 173ممالک کی شرکت متوقع ہے۔ فی الحال اس میں 50ممالک نے اپنی شرکت کی تصدیق کی ہے جن میں پاکستان بھی شامل ہے۔