سفارت خانہ پاکستان ابو ظہبی ا ور قونصلیٹ جنرل آ ف پاکستان د بئی میں 23مارچ یوم پاکستان کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقاریب
دبئی(طاہر منیر طاہر)متحدہ عرب امارت میں 82 ویں یوم پاکستان کی تقریبات جوش و خروش سے منائی گئیں۔ مرکزی تقاریب پرچم کشائی سفارت خانہ پاکستان ابو ظہبی ا ور قونصلیٹ جنرل آ ف پاکستان د بئی میں پر وقار طور پر منعقد ہو ئیں۔
ابوظہبی میں سفیر پاکستان افضال محمود اور د بئی میں قونصل جنرل حسن افضل خان نے قومی ترانہ کی دھن پر سبز ہلالی پرچم لہرایا،یوم پاکستان کی مناسبت سے کیک بھی کاٹے گئے، د بئی میں ہیڈ آف چانسری گیان چند نے صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات قوم کے نام پڑھ کر سنائے ۔
قونصل جنرل حسن افضل خا ن نے شرکاء تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 1947 سے لے کر آج تک وطن عزیز کو بے تحاشا چیلنجز کا سامنا ہے ۔ ہما ری قوم نے ان کا ہمت سے سامنا کیا اور کامیابیوں کا سفر جاری ہے ۔ حکومت کی کوششوں سے معاشی اشاریوں میں بہتری آئی ہے جس کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو گئے ہیں ۔
آج کے دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے۔حکومت نے ہر فورم پر کشمیر کا مسئلہ اٹھایا۔ جب تک کشمیریوں کو حق خود ارادیت نہیں مل جاتا ہم پاکستانی ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ آج کے دن عہد کریں کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے سنہری اصولوں اتحاد، ایمان،تنظیم پر عمل پیرا ہو کر ہر لمحہ پاکستان کے لئے وقف کر دیں گے۔
حافظ علی نواز نے پاکستان کی سلامتی خوشحالی اور ترقی کیلئے خصوصی دعا بھی کروائی شرکاء نے فرط جذبات سے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔