بزنس کونسل صحافیوں کے مسائل کا جائزہ لے گی اور سپورٹ کرے گی
پاکستان کاسافٹ امیج پیش کرنے پر صحافیوں کو خراج تحسین،شیلڈز دی گئیں
پاکستان بزنس کونسل کو پاکستان کے ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے مشورے دیئے گئے
دبئی(طاہر منیر طاہر)متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے اعزاز میں پاکستان بزنس کونسل (PBC) دبئی نے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جس میں پاکستان بزنس کونسل کے صدر احمد شیخانی اور ڈائریکٹران اقبال داؤد ،شبیر مرچنٹ،نفیس احمد،سلطان محمود اور مصطفیٰ الطاف موجود تھے جبکہ صحافیوں کی طرف سے پاکستان جرنلسٹس فورم کے صدر اشفاق احمد،خالد محمود گوندل،سہیل خاور،سید مدثر خوشنود،احمد قریشی،عنایت الرحمٰن،ملک عامر نوید،امجد قاسمی اور طاہر منیر طاہر نے شرکت کی۔
اس موقع پر پاکستان بزنس کونسل (PBC) کے صدر اور ڈائریکٹران نے باری باری خطاب کیا اور امارات میں کام کرنے والے پاکستانی صحافیوں کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا اور ان کی کمیونٹی کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا-
انہوں نے کہا امارات میں کام کرنے والے صحافی صحیح معنوں میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کر رہے ہیں اور پاکستان بزنس کونسل کو پروموٹ کر رہے ہیں،پی بی سی کے صدر اور ڈائریکٹران نے کہا کہ پی بی سی (PBC) صحافیوں کو درپیش مسائل کا جائزہ لے گی اور انہیں سپورٹ بھی کرے گی۔
اس موقع پر صحافیوں سے پی بی سی کیلئے مشورے بھی لئے گئے اور انہیں قابل عمل بنانے کیلئے وعدہ بھی کیا گیا۔
پی بی سی (PBC) کے ارکان کو مشورہ دیا گیا کہ پاکستان بھر کے ایوان ہائے تجارت(چیمبر آف کامرس)کے صدور کو پاکستان بزنس کونسل کے اجلاس میں بلایا جائے اور ان سے پاکستان اور یو اے ای کے مابین تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مشورے طلب کئے جائیں اور قابل عمل تجاویز پر فوری عمل در آمد کیا جائے۔
صحافیوں کے اعزاز میں تقریب کے دوران صحافت کے میدان میں گرانقدر صحافتی خدمات انجام دینے پر صحافیوں کو اعزازی شیلڈز اور سر ٹیفکیٹس بھی دیئے گئے،پی بی سی (PBC) نے اس بات کی امید کی کہ صحافی آئندہ بھی پاکستان بزنس کونسل کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے اور پی بی سی (PBC) کے کاز کو آگے بڑھانے کے سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔