اتحاد ریلوے1200 کلومیٹر پر مشتمل ہوگا جو 7 امارات کے 11 شہروں کوآپس میں جوڑے گا
شہروں میں ابوظبی، دبئی، شارجہ، راس الخیمہ، فجیرہ، العین، الرویس، المرفا، الذید، غویفات اور صحار (عمان) شامل ہیں
ہائی اسپیڈ لائن ابوظبی اور دبئی کو صرف 30 منٹ میں جوڑے گی، جس کی رفتار 350 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی
دبئی (طاہر منیر طاہر سے) متحدہ عرب امارات کا قومی ریلوے منصوبہ اتحاد ریلوے 2026 میں مسافر ٹرین سروس کا آغاز کرے گا، جو ملک کی ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔یہ ریلوے 1200 کلومیٹر پر مشتمل ہوگا اور 7 امارات کے 11 شہروں کو جوڑے گا، جن میں ابوظبی، دبئی، شارجہ، راس الخیمہ، فجیرہ، العین، الرویس، المرفا، الذید، غویفات اور صحار (عمان) شامل ہیں۔
مسافر اسٹیشنز فجیرہ (سکمکم) اور شارجہ (یونیورسٹی سٹی) میں ہوں گے، جبکہ دیگر ممکنہ اسٹیشنز دبئی اور ابوظبی میں مختلف مقامات پر قائم کیے جائیں گے۔ایک نئی ہائی اسپیڈ لائن ابوظبی اور دبئی کو صرف 30 منٹ میں جوڑے گی، جس کی رفتار 350 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔ جدید کوچز میں فرسٹ، بزنس اور اکانومی کلاس، مفت وائی فائی، انفوٹینمنٹ، چارجرز، آرام دہ نشستیں، اور ایئرکنڈیشننگ شامل ہوں گی۔
ہر ٹرین میں 400 سے زائد مسافر سفر کر سکیں گے،اتحاد ٹرین سروس ابوظبی سے دبئی 57 منٹ، ابوظبی سے الرویس 70 منٹ، ابوظبی سے فجیرہ 105 منٹ اور دبئی سے فجیرہ 50منٹ میں پہنچے گی۔
ٹرین سروس میں ڈور ٹو ڈور سہولت، نول کارڈ سے ٹکٹنگ، اور بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شامل ہے-اتحاد ریلوے نہ صرف سفر کا نیا ذریعہ ہے، بلکہ یہ یو اے ای کے جدید اور پائیدار طرزِ زندگی کے وژن کا حصہ ہے۔