پی ٹی آئی جرمنی کے زیراہتمام رنگارنگ عید ملن پارٹی کا اہتمام،سابق وزیر اعظم عمران خان کا بذریعہ ویڈیو لنک خطاب سنا
فرینکفرٹ(مہوش ظفر)جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پی ٹی آئی جرمنی کے زیراہتمام رنگارنگ اوپن ائیر عید ملن پارٹی منعقد کی گئی جس میں سابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور اوورسیز پاکستانیوں سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا،عمران خان کے خطاب کو سننے کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے فیملیزسمیت شرکت کی۔
سابقہ وزیراعظم عمران خان کے اوورسیز سے خطاب کے لئے جرمنی کے بنکنک حب شہر فرینکفرٹ کے تجارتی مرکز کے وسط میں چار میٹر کی سکرین نصب کرکے پی ٹی آئی کے کارکنان نے اجتماعی خطاب سنا ۔جرمنی بھر سے کارکنان نے بھرپور شرکت کی ۔اجتماع کے انتظامات پی ٹی آئی جرمنی کے صدر قاضی حبیب الرحمن نے اپنے دیگر عہدیدران جویریہ کنول ،مزل شریف ،توقیر بٹر،عون بسرا،نوید احمد ،فاروق بٹ ،سجاد کاہلو نے مل کر کئے ۔
اس موقع پر پی ٹی آئی جرمنی کے رہنما ئو ں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایمپورٹڈ حکومت منظور نہیں فوری انتخابات کروائے جائیں ،دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔ بھاری اکثریت سے جیت کر عمران خان دوبارہ وزیر اعظم بنیں گے۔ امریکیوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے کی سزا عمران خان نے اپنی حکومت ختم کر کے قبول کی لیکن غلامی قبول کرنے سے انکار کیا۔
حبیب الرحمان قاضی نے کہا کہ عمران خان واحد لیڈر ہے جس نے پاکستان میں بڑے بڑے چوروں اور ڈاکوں کو بے نقاب کر دیا۔ انہوں نےکہاکہ ہم عمران خان کے سپاہی ہیں اور ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔ فاروق بٹ نے کہا کہ ہمارا لیڈر عمران خان آخری گیند پر چھکا لگا کر سرپرائز دے گا۔شرکاء نے عمران خان زندہ باد امپورٹڈ حکومت نامنظور کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
اس موقع پر کارکنان نے عمران خان کی قیادت میں جدوجہد کا عہد کیا ،ان کا کہنا تھا کہ یہ امپورٹیڈ حکومت ہے جو امریکہ کی سازش سے قائم ہوئی اور پاکستانی قوم کبھی غلامی قبول نہیں کرے گی ۔اس موقع پر کارکنان نے حکومت کے خلاف شدید غم و غصہ کا اظہار کیا ،کرپشن کے خلاف نعرے لگائے اور نئے الیکشن کا مطالبہ کیا ۔
احتجاج کے ساتھ ساتھ عید ملن پارٹی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا ،آخر میں پی ٹی آ ئی جرمنی کی طرف سےمہمانوں کی پاکستانی روائتی کھانوں کے ساتھ تواضع کی گئی،شرکا کو سموسے ،پکوڑے ،جلیبیاں پیش کی گئیں۔