پاکستان سے خصوصی طور پر مشہور مزاحیہ اداکار شکیل صدیقی،کاشف اور ریمبو نے شرکت کی
پاکستانیوں کی بھر پورتعداد نےحوصلہ افزائی کی،مزید بہترین رنگا رنگ تقریبات کا اہتمام کرتے رہیں گے،نوشین وسیم
جدہ(امیر محمد خان سے)سعودی ایونٹ سینٹر کے تحت موسم جدہ کی رنگا رنگ شاندار تقاریب جار ی ہیں، سعودی عوام اور غیرملکی و اہل خانہ رنگا رنگ تقریبات میں جوش و خروش سے شرکت کررہے ہیں۔ جدہ موسم کے حوالے سے کل رات جدہ کے مقامی امیر ماجد پارک میں پاکستانی نائٹ کا اہتمام ہوا جس میں ہزاروں کی تعداد میں پاکستانیوں اور انکے اہل خانہ نے رات گئے تک رنگا رنگ میوزک پروگرام میں فنکاروں کو داد دی۔
پاکستانی نائٹ میں شرکت کیلئے پاکستان سے خصوصی طور پر مشہور مزاحیہ اداکاروں شکیل صدیقی، کاشف، او ر ریمبو نے شرکت کی اور اپنی بات چیت سے ہزاروں پاکستانیوں کے مجمع کو قہقہے لگانے پر مجبور کیا۔
امیر ماجد پارک کی منیجر سعودی انٹرٹیمنٹ اتھارٹی کی مشیر پاکستان نزاد سعودی خاتون نوشین وسیم ہیں جنہوں نے نہ صرف پاکستانی نائٹ بلکہ جدہ میں موجود دیگر قومیتوں کیلئے شاندار و رنگا رنگ تقریبات کا اہتمام کیا ہے۔
جدہ نائٹ میں خاتون گلوکار نور الماس، نوجوان گلوکاروں رانا فاروق،، سلیم رفیق نے بہترین پاکستانی گیت سنا کر ہزاروں شائقین سے داد حاصل کی،پاکستانی گیتوں کی دھن پر نوجوان رقص کرتے رہے۔جدہ نائٹ کے پاکستانی پروگرام میں بچیوں نے صوفی گیت پر رقص بھی پیش کیا۔ موسم جدہ میں امیر ماجد پارک میں کھانے پینے کی د کانوں کے ساتھ کارٹونوں کے کپڑوں میں ملبوس افراد کی مارچ بھی جاری ہے۔
پروگرام منیجر نوشین وسیم نے اس موقع پر کہا کہ مجھے خوشی ہے آج کے پروگرام میں پاکستانیو ں کی بھر پورتعداد نے حوصلہ افزائی کی ہے اور انشااللہ ہم پاکستانیوں کیلئے مزید بہترین رنگا رنگ تقریبات کا اہتمام کرتے ر ہیں گے۔
پاکستان سے آئے ہوئے فنکاروں شکیل صدیقی، کاشف، اور ریمبو نے نوشین وسیم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانیوں سے درخواست کی وہ برادر ملک میں ایسے کام کریں کہ پاکستان کا پرچم سربلند رہے۔