امریکی ڈاکٹر میگ نے اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوکر اسلام قبول کیا
گوجرانوالہ(تارکین وطن نیوز)امریکی ڈاکٹر میگ نے اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوکر اسلام قبول کیا اور پاکستان کے ایک درزی سے شادی کرلی۔
میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر ہونے والی ایک اور دوستی رشتے میں بدل گئی، امریکی ڈاکٹر پاکستانی درزی سے شادی کے لئے گوجرانوالہ پہنچ گئی۔ ڈاکٹر میگ نے اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوکر حافظ محمد اشرف رضا قادری کے ہاتھ پر اسلام قبول کیا، اور اسلام قبول کرنے کے بعد ڈاکٹر میگ کا اسلامی نام ہانیہ رکھا گیا۔
میگ نامی خاتون امریکا کے شہر شکاگو کے سرکاری اسپتال میں بطور گائناکولوجسٹ ملازمت کرتی ہے، جب کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب سے مشہور پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے محبوب علی درزی کا کام کرتے ہیں، دونوں کا انٹرنیٹ پر رابطہ ہوا جو آہستہ آہستہ پیار، محبت کے بعد شادی کے بندھن میں تبدیل ہوگیا۔
نومسلم ہانیہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پاکستانی پیار کرنے والے اور زندہ دل لوگ ہیں، اپنے سسرالی رشتہ داروں سے مل کر بہت خوش ہوئی، سب بہت ہی پیارے لوگ ہیں۔