ملک کو جس قدرعمران خان،پنکی پیرنی،فرح گوگی اور اس کے وزیروں مشیروں نے لوٹا ہے وہ لوٹ مار کی انتہا ہے
لیگی لیڈران نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کو تاعمرنااہل قراردیا جائے
عمران خان نے اپنے دورحکومت میں ملک اور ہمارے نوجوانوں کےاخلاق کو تباہ کیا ہے
دبئی (طاہر منیر طاہر) اللہ کریم کا شکر ہے کہ اس نے ہمارے قائدین کو تمام الزامات سے بری کیا اور عزت بخشی، ہم شکر گزا ر ہیں عدالت عالیہ کے بھی کے جس نے تمام حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے مسلم لیگ ن کے قائدین کو کلین چٹ دی اور عمران خان کو نا اہل قرار دیا۔
عمران خان نے اپنے دور حکومت میں مسلم لیگ ن کو ہر موقع پر بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور اب خود ہی انہی الزامات کی زد میں آ کر نا اہل ہو گیا ہے،یہ قدرت کا انتقام ہے جس کو اس نے چیلنج کیا تھا۔
ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افیئرز کے جنرل سیکرٹری ایم این اے چودھری نورالحسن تنویر، پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے چیئرمین محمد غوث قادری، سابق مسلم لیگی ایم پی اے آزاد علی تبسم، ملک شہزاد یونس اور عرفان طور نے کیا۔
متذکرہ لیگی لیڈران نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دور حکومت میں ملک اور ہمارے نوجوانوں کو تباہ کیا ہے جس پر تاریخ اسے کبھی معاف نہیں کرے گی، عمران خان نے خاص غیر ملکی ایجنڈے پر کام کرتے ہوئے ملکی معیشت کو تباہ کیا اور ملک کو دیوالیہ پن کی طرف دھکیل دیا۔
عمران خان کی نا اہلی مکافات عمل کا حصہ ہے، اس نے ہمارے لیڈران کی نا اہلی کا مذاق اڑایا اور اب خود نا اہلی کے گرداب میں پھنس گیا ہے، الله کریم نے ہمارے لیڈران کو سرخرو کیا اور عمران خان ہیرا پھیریاں سامنے آ گئیں، ملک کو جس قدر عمران خان، پنکی پیرنی، فرح گوگی اور اس کے وزیروں مشیروں نے لوٹا ہے وہ لوٹ مار کی انتہا ہے۔
مسلم لیگ ن کے متذکرہ لیڈران نے کہا کہ عمران حکومت کے سیاہ کارنامے ایک ایک کر کے عوام کے سامنے آ رہے ہیں جس سے عمران خان اور اس کے حواریوں کی ایمانداری کی قلعی کھل رہی ہے، عوام الناس پر عمران حکومت کی سیاہ کاریوں کے حقائق واضح ہو رہے ہیں،لیگی لیڈران نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کو تا عمر نا اہل قرار دیا جائے۔