پولیس کے مطابق لڑکی نے والدین کی رضامندی کے بغیر شادی کی تھی
بارسلونا(تارکین وطن نیوز)اسپین میں ایک پاکستانی جوڑے کو اپنی بیٹی کو غیرت کے نام پر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
اسپین کی پولیس کا کہنا ہے کہ ایک پاکستانی جوڑے کو مبینہ طور پر پاکستان میں اپنی بیٹی کو پسند کی شادی کرنے پر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسپین کی نیشنل پولیس نے جمعہ کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ پاکستانی حکام نے بیٹی کے قتل کے ملزمان میاں بیوی کی گرفتاری کیلئے بین الاقوامی وارنٹ جاری کئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ایک لڑکی کو اپریل 2020ء میں پسند کی شادی کرنے پر قتل کردیا گیا تھا، جس کے شوہر نے پولیس کو اس کی اطلاع دی تھی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تفتیش کاروں کو یقین ہے کہ جوڑے نے پاکستان میں اپنی بیٹی کو اغواء کے بعد قتل کیا کیونکہ وہ اپنی مرضی سے شادی کرنیوالی بیٹی کے شوہر کو پسند نہیں کرتے تھے۔اسپین کی پولیس ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقتولہ لڑکی کے مبینہ قاتل ماں باپ پاکستان سے اسپین بھاگ آئے تھے، جس کے بعد ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کئے گئے۔
اسپین کے شہر لوگرونو سے مبینہ قاتل جوڑے کو ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا، جن میں 67 سالہ مرد اور 51 سالہ خاتون شامل ہے، جہاں یہ فون اور انٹرنیٹ سروس کی دکان چلاتے تھے۔رپورٹ کے مطابق غیرت کے نام پر قتل کے ملزم میاں بیوی کو عدالت میں پیش کیا گیا، جس نے حکم دیا کہ انہیں پاکستان ڈی پورٹ کرنے تک جیل میں رکھا جائے۔
ہسپانوی قومی اعداد و شمار کے ادارے کے مطابق اسپین میں تقریباً ایک لاکھ پاکستانی مقیم ہیں۔