سفارتخانہ پاکستان برائے سویڈن و فِن لینڈ میں یومِ سیاہ کشمیر کے حوالے سے تقریب کا اہتمام

0

اسٹاک ہوم(زبیرحسین)سفارتخانہ پاکستان برائے سویڈن و فِن لینڈ میں یومِ سیاہ کشمیر کے حوالے سے ایک خصوصی ہائبرڈ تقریب کا اہتمام جس میں کشمیر، برطانیہ، پاکستان اور سویڈن سے کشمیری رہنماؤں نے شرکاءسے خطاب کیا۔

اسٹاک ہوم سویڈن میں قائم پاکستانی سفارتخانے کے زیرِاہتمام 27 اکتوبر کو کشمیر کے یوم سیاہ کی یاد میں ایک خصوصی ہائبرڈ تقریب کا اہتمام کیاگیا۔ تقریب کے اہم مقررین میں برطانیہ کے ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ واجد خان، برطانوی پارلیمنٹ کے رکن جناب افضل خان، ممتاز کشمیری کارکن اور جناب محمد یاسین کی اہلیہ محترمہ مشعال حسین ملک شامل تھے۔

تقریب میں مقامی کشمیر ی تنظیموں کے نمائندگان،پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات اور صحافتی برادری نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد نے کہا کہ تنازعہ کشمیر بنیادی انسانی حقوق سے متعلق ہے۔

تنازعہ کا بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور دیرپا حل ہی خطے میں پائیدار امن اور ترقی کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے۔مشعال حسین ملک نے کہا کہ 75 سال قبل آج کے دن مہلک قابض بھارتی افواج نے وادی کشمیر جیسی جنت پر حملہ کر کے اسے زندہ جہنم میں تبدیل کر دیا۔

انہوں نے بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ظالمانہ قوانین کو اجاگر کیا جو کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو کچلنے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔ لارڈ واجد نے کہا کہ کشمیر میں 75 سالوں میں جو کچھ ہوا ہے وہ خوفناک، پریشان کن اور چونکا دینے والے حالات و واقعات کی منظر کشی سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا خون یورپیوں سے سستا نہیں ہے۔

افضل خان برطانونی ممبر پارلمنٹ نے کہا کہ کشمیر پر قبضے کے بعد سے یہاں کے لوگوں کی مشکلات میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے لیکن بڑی مشکلات کے باوجود ان کی مزاحمت ناقابل یقین رہی ہے،انہوں نے امریکہ اور یورپی یونین سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کیا۔

کشمیر کی منصفانہ جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) پر ایک مختصر دستاویزی فلم اور خصوصی گانا بھی چلایا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!