بیرون ملک پاکستانی تعلیمی اداروں کا قیام خوش آئند ہے،عبدالشکور مرزا

0

امارات میں فروغ تعلیم کیلئےسرحد یونیورسٹی اور جی ایم کالج کا کردار مثالی ہے،اشفاق احمد

متذکرہ دونوں اداروں میں پاکستانیوں کے علاوہ دیگر ممالک کے لوگ بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، پروفیسر شاہد اقبال

سوشل سائنٹسٹ عبدالشکور مرزا کے اعزاز میں تقریب سے اشفاق احمد، پروفیسر شاہد اقبال کاہلوں،نبراس سہیل،طاہر منیر طاہر،غلام محی الدین،حافظ زاہد علی،عبدالمجید مغل اور ماجدہ خانم کا خطاب

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان میں سماجی بہبود کے کاموں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے سوشل سائنٹسٹ عبدالشکور مرزا کے دبئی وزٹ کے دوران ان کے اعزاز میں سرحد یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اور جی ایم کالج کے سی ای او پروفیسر شاہد اقبال کاہلوں نے دبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں تقریب کا انعقاد کیا جس میں پاکستانی کمیونٹی کے اشتیاق مرزا، فرزانہ منصور، ظل ہما، محمد جمیل بنگیال، سعدیہ عباسی، راجہ عابد حسین، نعیم مرزا، حبیب مرزا اور تعلیمی شعبہ سے تعلق رکھنے والوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر پروفیسر شاہد اقبال کاہلوں نے جی ایم کالج اورسرحد یونیورسٹی کا تفصیلی تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ متذکرہ دونوں اداروں میں نا صرف پاکستان بلکہ دیگر اقوام عالم کے لوگ بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جن میں ہرعمر کے سٹوڈنٹس شامل ہیں،شاہد اقبال کاہلوں نے مزید بتایا کہ محض تعلیم کے فروغ کے لئے حصول علم کے شائق ناداراور غریب سٹوڈنٹس کو مفت تعلیم دی جاتی ہے تا کہ علم عام ہو۔

سوشل سائنٹسٹ عبدالشکور مرزا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ھوئے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی تعلیمی اداروں کا قیام خوش آئند ہے اور جو لوگ تعلیم کے فروغ کے لیےکام کر رہے ہیں وہ لائق صد تحسین و آفریں ہیں۔

پاکستان جرنلسٹس فورم یو اے ای کے صدر اشفاق احمد نے کہا کہ امارات میں فروغ تعلیم کے لئے سرحد یونیورسٹی اور جی ایم کالج کا کردار مثالی ہے، ان اداروں کے قیام سے امارات میں مقیم پاکستانیوں کے بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات مل گئی ہیں جس پر متذکرہ تعلیمی اداروں کے منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں۔

دیگر مقررین میں نبراس سہیل، طاہر منیر طاہر،غلام محی الدین، حافظ زاہد علی،عبدالمجید مغل اور ماجدہ خانم نے اپنے خطاب میں سرحد یونیورسٹی اور جی ایم کالج کی تعلیمی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے، سوشل سائنٹسٹ عبدالشکور مرزا کی سماجی شعبہ میں گرانقدر خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر پاکستان جرنلسٹس فورم یو اے ای کی طرف سے پاکستان جرنلسٹس فورم کے صدر اشفاق احمد اور سینئر نائب صدر طاہر منیر طاہر نے تعلیمی خدمات انجام دینے پر سرحد یونیورسٹی کے ڈائریکٹر اور جی ایم کالج کے سی ای او پروفیسر شاہد اقبال کاہلوں، پرنسپل جی ایم کالج نبراس سہیل، مسز زاہدہ پروین، اور سوشل ورک کے شعبہ میں نمایاں خدمات انجام دینے پرعبدالشکور مرزا کو خصوصی اعزازی شیلڈز دیں۔

اپنے اعزاز میں تقریب کے انعقاد پرعبدالشکور مرزا نےمنتظمین کا شکریہ ادا کیا، تقریب کے آخر میں مہمانوں کی تواضع پر تکلف ڈنر سے کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!