جاپان کی تاریخی یونیورسٹی میں سعادت حسن منٹو کا تحریر کردہ ڈرامہ گھڑی اور تاش پیش

0

ٹوکیو(عرفان صدیقی)جاپان کی معروف اور تاریخی یونیورسٹی میں سعادت حسن منٹو کا تحریر کردہ ڈرامہ گھڑی اور تاش پیش کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ٹوکیو یونیورسٹی آف فارن اسٹڈیز کے شعبہ اردو کی جانب سے اردو زبان سیکھنے والے جاپانی طلبہ و طالبات کی اداکاری پر مبنی اردو زبان کے معروف ڈرامہ نگار سعادت حسن منٹو کا تحریر کردہ ڈرامہ پیش کیا گیا۔اس ڈرامے میں اداکاری کرنے والے تمام فنکار یونیورسٹی کے جاپانی طالب علم تھے۔

یونیورسٹی کے آڈیٹوریم میں پیش کیے جانے والے اس ڈرامے میں بڑی تعداد میں سامعین موجود تھے جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی سفیر پاکستان رضا بشیر تارڑ تھے۔

تقریب کے اختتام پر سفیرِ پاکستان رضا بشیر تارڑ نے اس شاندار ڈرامے کو پیش کرنے پر جاپانی طلبہ و طالبات کی اداکاری پر خوشگوار حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہاں آکر بہت خوشی محسوس کررہے ہیں۔

رضا بشیر تارڑ نے کہا کہ سعادت حسن منٹو جیسے بڑے ڈرامہ نگار کے تحریر کردہ ڈرامے پر شاندار اداکاری پر طلبہ اور استاد تعریف کے مستحق ہیں۔رضا بشیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان نہ صرف سیاسی بلکہ عوامی سطح پر بھی بہترین تعلقات قائم ہیں اور وقت کے ساتھ ان میں اضافہ ہورہا ہے، امید ہے اس طرح کی کوششوں سے عوامی سطع پر تعلقات میں اضافے میں مدد حاصل ہوگی۔

یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے پاکستانی استاد پروفیسر عامر علی کے مطابق اردو سیکھنے والے جاپانی طلبہ نے کئی ماہ کی محنت کے بعد اس ڈرامے میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

اس موقع پر شعبہ اردو کے ایسوسی ایٹ پروفیسر کینساکو مامیا نے سفیر پاکستان کا تقریب میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!