مالمو شہر کی ڈپٹی مئیر اور پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے وفد کی سندھی ثقافت کے حوالے سے خصوصی ملاقات
وفد نے امانی لوبانی کو اجرک کا تحفہ پیش کیا،مقامی آرٹسٹوں کی جانب سے انوکھے انداز میں سندھی کمیونٹی کو کلچرل ڈےکی مبارکباد
مالمو(نمائندہ خصوصی)سویڈن کا شہر مالمو یورپ بھر میں ثقافتی سرگرمیوں کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہے،مالمو شہر میں دنیا کے 180ممالک کے لوگ آباد ہیں اور لگ بھگ 150سے زائد زبانیں بولی جاتی ہیں۔
شہر ی حکومت کے ثقافتی امور کی صدر اور ڈپٹی مئیر امانی لوبانی اور پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے وفد کی سندھی کلچرل ڈے کے موقع پر خصوصی ملاقات ہوئی۔
زبیرحسین اور محمد سرور نے مئیر کو سندھ کی ثقافت کے حوالے سے معلومات فراہم کی، اب سندھی کلچر بھی مالمو شہر کی ثقافت کا حصہ بن گیا۔امانی لوہانی کا کہنا تھا کہ ہمیں اس تاریخی ثقافت کے بارے میں آج ہی علم ہوا، امانی لوبانی نے دنیا بھر میں بسنے والی سندھی کمیونٹی کے لئے خصوص پروگرام بھی ریکارڈ کروایا،سویڈن کے مقامی آرٹسٹوں نے بھی سندھی کمیونٹی کے لئے انوکھے انداز میں مبارکباد کا پیغام دیا۔
دوسری جانب سویڈن میں تعینات پاکستانی سفارتکار ڈاکٹر ظہور احمد نے بھی سندھی کمیونٹی کے لئے خصوصی پیغام ریکارڈ کروایا، ڈاکٹر ظہور احمد کا کہنا تھا کہ سندھی ٹوپی، اجرک ، سندھی صوفیانہ کلام ہماری ثقافت کا اہم حصہ ہےاور آج ہم اس اہم ثقافت کے دن کو دیارِ غیر میں منانے میں بہت خوشی محسوس کررہے ہیں۔
جبکہ مالمو انٹرنیشنل اسکول میں بچوں کو سندھی ثقافت سے روشناس کروانے کے لئے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں بچوں نے لوک گیتوں پر رقص بھی کیا۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے زبیر حسین کا کہنا تھا کہ ہمارے ادارے نے ہمیشہ ہی پاکستان کے مثبت چہرے کو متعارف کروانے کی کاوشیں کی تو پھر یہ کیسے ممکن ہوسکتا ہے کہ ہم سندھ کی ثقافت کا پرچار نہ کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی ثقافت کا حسن تمام صوبوں کی ثقافت کو یکجا کئے بغیر ادھورا ہے۔