فرانس(رپورٹ:سلطان محمود)پیرس میں پاکستانی سفارتخانے میں قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ اور کرسمس کی تقریبات کا انعقاد کیاگیا۔
تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیاگیا ، تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان، کرسچن کمیونٹی اورفرانسیسی مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
بچوں نے بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے تقاریر کیں اور قیام پاکستان میں قائداعظم کی قیادت کو اجاگر کیا، سفارتخانہ پاکستان کی جانب سے ننھے بچوں کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے فرانس میں مقیم پاکستانی اور مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا محبت، امن اور ہمدردی کا پیغام اور قائد کا آزادی اور مساوی حقوق کا وژن اس جشن سے عیاں ہے۔
صدر الیلویا فرانس ایسوسی ایشن اور مسٹر فرانسس زیویئر نے تقریب کا اہتمام کرنے پر سفارت خانے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ عیسائیت کا امن اور بھائی چارے کا پیغام تمام مذاہب کے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتا ہے، اس طرح ایک ہم آہنگ معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔
آخر میں سفیر پاکستان عاصم منیر نے ننھے بچوں کے ہمراہ قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ اور کرسمس کی خوشی میں کیک بھی کاٹا ، مہمانوں کی تواضع روایتی پاکستانی کھانوں سے کی گئی۔
مقامی گلوکار کی جانب سے قومی گیت اور کرسمس کے ترانے پیش کیے گئے۔