وزیراعظم شہباز شریف سے بیرسٹر امجد ملک کی ملاقات،اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال
اسلام آباد(تارکین وطن نیوز) مسلم لیگ ن کے چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افئیرز اور اوورسیز پاکستانیز بیرسٹر امجد ملک نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں مشکل وقت میں حکومت سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ۔ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیرسٹر امجد ملک نے گلف میں مقیم تارکین وطن کے لئے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی موجودگی میں اضافی نیکوپ کارڈ کی شرط کا خاتمہ ، اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اضافی فون کی ٹیکس فری سہولت، پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرز پروزیراعظم سے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کا نیا بورڈ بھی تشکیل دینے کی درخواست کی۔
انہوں نے وزیر اعظم سے 80 لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کی پارلیمان میں نمائندگی ، ان کے جائز مطالبات کے حل،اور اسلام آباد میں انٹرنیشنل کانفرنس کے انعقاد کی سفارش کی۔
وزیراعظم نے تمام تجاویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کروائی اور بیرسٹر امجد ملک کے بیٹے حمزہ ملک کی شادی پر انہیں خصوصی مبارکباد دی۔