دبئی(تارکین وطن نیوز)عالمی نمائش دبئی ایکسپو کا آغاز ہوچکا ہے، جہاں پاکستان کا پویلین نمائش میں توجہ کا مرکز بن گیا، پاکستان پویلین میں غیرملکی سیاحوں کی دلچسپی دیکھنے میں آرہی ہے۔
190 ممالک کے پویلین ’دبئی ایکسپو 2020‘ میں موجود ہیں، پاکستان کی منفرد ثقافتوں سے مزین شناخت ’پاکستان پویلین‘ سے عیاں ہونے لگی۔پاکستان پویلین میں بڑی اسکرینز پر پاکستان کے انمول سیاحتی علاقوں کی عکاسی کی گئی، پاکستان کے گلیشئر، پہاڑ، دریا، سمندر، ریگستان، گلگت کا سرد ریگستان باعثِ کشش بنا ہوا ہے۔
پاکستان کے مختلف مذاہب کی بھی عکاسی کی گئی، جبکہ پاکستانی ثقافتی لباس پہنے پرجوش پاکستانی رضاکار آنے والوں کو ’خوش آمدید‘ کہہ رہے ہیں۔ پاکستان پویلین نے اکتوبر ’بلوچستان‘ کے نام کیا ہے، عالمی نمائش دبئی ایکسپو 6 ماہ جاری رہے گی۔
پاکستان کے چاروں صوبوں، کشمیر اور گلگت بلتستان کے شوز بھی ہوں گے۔