ویانا:پاک سنٹر مسجد المدینہ میں معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محفل کا انعقاد

0

ویانا(رپورٹ:محمد عامر صدیق)آسٹریا ویانا پاک سنٹر مسجد المدینہ میں معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی محفل کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں آسٹریا بھر کے چھوٹے بڑے شہروں سے نوجوانوں، بچوں اور بزرگوں نے اپنے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہوئے شرکت کی۔ خصوصی طور پر سفارت خانہ پاکستان سے کمیونٹی افیئرز قونصلر سلیم شہزاد اور سفارتخانہ پاکستان کے اسٹاف نے بھی شرکت کی۔

نقابت کے فرائض قاری شبیر نے ادا کیے۔ محفل کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ جس کی سعادت حافظ زریاب ادریس اور جنید اسلم نے حاصل کی۔ نعت کی صورت میں ہدیہ عقیدت کے پھول حضورِ اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں مقصود مغل،محمد عامر صدیق، حمزہ اور شہر یار خان نے بار گاہ رسالتؐ میں ہدیہ عقیدت پیش کیے۔ مختصر خطاب عبدالحق ملک نے معراج النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے معراج کے واقعہ پر روشنی ڈالی۔

آسٹریا کے اسلامی اسکالر غلام مصطفی بلوچ نے خصوصی خطاب قرآن و حدیث کی روشنی میں کرتے ہوئے کہا واقعہ معراج اللہ تعالیٰ کی قدرت کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے جو چشم زدن میں بظاہر رونما ہوا لیکن حقیقت میں اس میں کتنا وقت لگا یہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم بہتر جانتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے اس واقعہ میں اپنے محبوب پیغمبر حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو اپنی قدرت کاملہ کا مشاہدہ کرایا۔ واقعہ معراج اعلان نبوت کے دسویں سال اور مدینہ ہجرت سے ایک سال پہلے مکہ میں پیش آیا۔ ماہ رجب کی ستائیسویں رات ہے، اللہ تعالیٰ فرشتوں سے ارشاد فرماتا ہے: اے فرشتو! آج کی رات میری تسبیح بیان مت کرو میری حمدو تقدیس کرنا بند کردو آج کی رات میری اطاعت و بندگی چھوڑ دو اور آج کی رات جنت الفردوس کو لباس اور زیور سے آراستہ کرو۔ میری فرمانبرداری کا کلاہ اپنے سر پر باندھ لو۔ اے جبرائیل! میرا یہ پیغام میکائیل کو سنا دو کہ رزق کا پیمانہ ہاتھ سے علیحدہ کردے۔

اسرافیل سے کہہ دو کہ وہ صور کو کچھ عرصہ کے لئے موقوف کردے۔ عذرائیل سے کہہ دو کہ کچھ دیر کے لئے روحوں کو قبض کرنے سے ہاتھ اٹھالے۔ رضوان سے کہہ دو کہ وہ جنت الفردوس کی درجہ بندی کرے۔ مالک سے کہہ دو کہ دوزخ کو تالہ لگادے۔ خلد بریں کی روحوں سے کہہ دو کہ آراستہ و پیراستہ ہوجائیں اور جنت کے محلوں کی چھتوں پر صف بستہ کھڑی ہوجائیں۔ مشرق سے مغرب تک جس قدر قبریں ہیں ان سے عذاب ختم کردیا جائے۔ آج کی رات (شب معراج) میرے محبوب حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے استقبال کے لئے تیار ہوجاؤ۔

تقریب کے آخر میں شہر یار خان نے حاضرین شرکاء کے ساتھ مل کر درودو سلام پیش کیا اور قاری شبیر نے اجتماعی دعائیہ کلمات میں امت مسلمہ،پاکستان کی ترقی خوشحالی، سیلاب زدگان اور ترکی کہ زلزلہ زدگان و حاضرین شرکاء کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!