پاکستان سیاحوں کیلئے پرکشش مقامات کی ایک وسیع فہرست کا حامل ملک ہے،ڈاکٹر محمد فیصل

0

ITB برلن 2023میں پاکستان کی نمائندگی کرنا واقعی ایک قابل فخر لمحہ ہے ،سفیر پاکستان

برلن(رپورٹ:مہوش ظفر )سفیر پاکستان ڈاکٹر محمد فیصل نےآج دنیا کی سب سے بڑی بین الاقوامی سیاحتی نمائش ITB 2023 میں پاکستان پویلین کا افتتاح کیا۔

پاکستان پویلین کا اہتمام و انتظام پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن (PTDC) اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے باہمی اشتراک سے کیا گیا ۔

تین روزہ نمائش7مارچ سے9مارچ2023 تک برلن میں جاری رہے گی، جس میں 180 سے زائد ممالک کی نمائندگی ہزاروں نمائش کنندگان، سرکاری اور نجی دونوں شعبوں سے کر رہے ہیں۔

پاکستان پویلین میں 13 نجی نمائش کنندگان/ ٹور آپریٹرز اور چار صوبائی سیاحت کے محکمے عالمی سیاحوں کو پاکستان کی طرف راغب کرنے کے لیے اپنی پیشکشوں اور خدمات کی نمائش کر رہے ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد فیصل نے پاکستان پویلین کے علاوہ گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے زیر اہتمام ایک علیحدہ بلوچستان پویلین کا افتتاح بھی کیا۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سفیر پاکستان نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے سیاحتی میلے میں پاکستان کی نمائندگی کرنا واقعی ایک قابل فخر لمحہ ہے۔ اقتصادی چیلنجوں کے باوجود، محکموں کے مشترکہ تعاون یعنی پی ٹی ڈی سی، ٹی ڈیپ اور سفارتخانہ پاکستان برلن کے اشتراک سے ایک کامیاب نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس نمائش سے پاکستانی سیاحت کے فروغ میں B2B روابط کی ایک بڑی اور بھرپور سرگرمی متوقع ہے ، جو سیاحوں کی بڑی تعداد کو پاکستان کی طرف راغب کرنے کے قابل ہو گی۔

سفارت خانہ پاکستان کی طرف سے پاکستان پویلین میں قائم ڈیجیٹل ٹورازم کارنر نے بہت سے بین الاقوامی مہمانوں کو اپنی طرف متوجہ کیا، جنہوں نے جدید ورچوئل رئیلٹی گلاسز پر شمالی علاقہ جات اور موہنجوداڑو کی ورچوئل رئیلٹی سیر سے لطف اٹھایا۔لوگوں نے اس جدید تصور کو سراہا اور مستقبل قریب میں ان خوبصورت مناظر کو دیکھنے کے لیےخود پاکستان کا دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!