سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز ان کویت کا24 واں فری کامیاب میڈیکل کیمپ،متعدد افراد میں ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کی تشخیص

0

کویت (محمد عرفان شفیق سے) سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز ان کویت کی جانب سے پاکستان انگلش اسکول منقف میں 24 ویں فری میڈیکل کیمپ کا انتہائی کامیابی سے انعقاد کیا گیا۔

سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز ان کویت کے صدر ڈاکٹر شجاع الدین اور ان کی ٹیم کئی روز سے کیمپ کی تیاریوں میں مصروف تھے، نماز جمعہ کے فوراً بعد مریضوں کی آمد شروع ہو گئی، اسکول انتظامیہ کی طرف سے شاندار انتظامات کئے گئے تھے، سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ توقیر نے بھی کیمپ کا دورہ کیا۔

انہوں نے ڈاکٹرز سے مریضوں اور ان کے مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا، انہوں نے 24 ویں میڈیکل کیمپ کے انتہائی کامیاب انعقاد پر سوسائٹی آف پاکستانی ڈاکٹرز ان کویت کے صدر ڈاکٹر شجاع الدین اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔

امراض قلب، جگر، گردوں، ذیابیطس اور بلڈ پریشر کے علاوہ خواتین اور بچوں کے امراض کے ماہر ڈاکٹرز بھی مشاورت کیلئے دستیاب تھے، اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینئر ڈاکٹر رحمت خاں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہر میڈیکل کیمپ پہلے سے زیادہ کامیاب رہا ہے، مریضوں کی کثیر، تعداد کیمپ سے استفادہ کر رہی ہے۔

تارکین وطن میں ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر کا مرض بڑھ رہا ہے جس کی بنیادی وجہ ذہنی تناؤ اور طرز زندگی ہے، جو لوگ مرغن غذاؤں کا استعمال کرتے ہیں اور واک اور جسمانی مشقت سے بہت دور رہتے ہیں، وہ اس مرض کا شکار ہو جاتے ہیں، احتیاط اور پرہیز کے باعث ٹائپ 2 کی شوگر کو ریورس کیا جا سکتا ہے۔

مریضوں کیلئے ادویات کی فراہمی کا بھی اہتمام کیا گیا تھا، فارمیسی کے شعبہ کا انتظام سینئر ڈاکٹرز ظہور اعوان اور ڈاکٹر جہانزیب عثمان کے سپرد تھا، پاکستان ویمن فورم نے ہمیشہ کی طرح کیمپ کا دورہ کرنے والوں کیلئے مفت چائے کا بھی اہتمام کیا تھا۔

ڈاکٹر جہانزیب عثمان نے کہا کہ وہ ڈاکٹر شجاع الدین اور ان کی ٹیم کو کامیاب میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ڈاکٹر شجاع الدین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کیمپ میں 46 پاکستانی ڈاکٹرز نے خدمات انجام دیں، 800 سے زائد مریضوں کو مشاورت فراہم کی گئی۔

امراض قلب، ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد کی مشاورت کیلئے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز دستیاب تھے، ان میں نئے آنے والے ڈاکٹرز کی ایک کثیر تعداد بھی شامل تھی، کئی افراد میں پہلی مرتبہ شوگر اور بلڈ پریشر کی تشخیص کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وہ سفارت خانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ توقیر کے شکر گزار ہیں جنہوں نے مصروفیات سے وقت نکال کر کیمپ کا دورہ کیا، انہوں نے بتایا کہ کویت میں نئے آنے والے پاکستانی ڈاکٹرز نے بھی شرکت کی، جن مریضوں میں پہلی مرتبہ ذیابیطس کی تشخیص ہوئی وہ فوری طور پر اسپتال میں جا کر فائل کھلوائیں۔

انہوں نے کیمپ میں شرکت کرنے والے تمام ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے پاکستان انگلش اسکول منقف کی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے کیمپ کے انعقاد میں بھرپور معاونت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!
[hcaptcha]