ناروے:پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کی جنرل اسمبلی کا سالانہ اجلاس ،چوہدری عبدالحمید صدر،شاہد سعید جنرل سیکرٹری منتخب
اجلاس کا انعقاد منہاج القرآن اوسلو کے مرکز پرہوا،ممبران نے کثیر تعداد میں فیملیز سمیت شرکت کی
اوسلو(عقیل قادر)پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کے سالانہ اجلاس کا انعقاد منہاج القرآن اوسلو کے مرکز پر منعقد کیا گیا جس میں ممبران نے کثیر تعداد میں فیملیز سمیت شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز حافظ محمد اویس حمید نے تلاوت قرآن پاک سے کیا۔ عائقہ سرور نے نبی پاکؐ کی بارگاہ اقدس میں نعت رسولؐ پیش کر کے خوب داد وصول کی۔ اجلاس کی صدارت نائب صدر پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی راجہ عاشق حسین نے کی جبکہ نقابت کے فرائض سوسائٹی کے جوائنٹ سیکرٹری شاہد سعید نے احسن انداز میں ادا کیے۔
شاہد سعید نے سوسائٹی کی سالانہ رپورٹ پیش کی اورسوالوں کے جوابات دیئے ،انہوں نے بتایا کہ تین سال کے عرصہ میں سوسائٹی کے تقریباً350لوگ ممبرز شپ حاصل کر چکے ہیں۔
فنانس سیکریٹری عقیل قادر نے سالانہ مالیاتی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ 2022میں سوسائٹی کے اکائونٹ سے ایک کرائون بھی خرچ نہیں کیا گیا جبکہ گذشتہ سال کیے گئے تمام پروگرامز کے اخراجات سوسائٹی کی انتظامیہ و مشاورتی بورڈ کے ارکان نے برداشت کئے۔
انہوں نے کہا کہ سوسائٹی کے جہاں بہت سے مقاصد ہیں ان میں ایک جمہوری روایات کو فروغ دینا بھی شامل ہے۔اجلاس میں ممبران کی طرف سے آئین میں تبدیلی کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں جن کو اتفاق رائے سے منظور کیا گیا۔
اجلاس کے آخر میں الیکشن کمیشن کی جانب سے انتظامیہ کے سال2023 اور2024کے لیے الیکشن منعقد کیے گئے ۔صدر چوہدری عبدالحمید، جنرل سیکرٹری شاہد سعید، جوائنٹ سیکریٹری جمشید سرور، فنانس سیکریٹری عقیل قادر اور انفارمیشن سیکریٹری چوہدری اسماعیل سرور بلامقابلہ منتخب ہوئے۔
محمد آفتاب ایک سال کے لیے دوبارہ الیکشن کمیشن کے چیئرمین منتخب ہو گئے جبکہ الیکشن کمیشن کے ممبران چوہدری جاوید سرور اور راجہ عاطف منتخب ہوئے۔ نو منتخب صدر چوہدری عبدالحمید نے اس موقع پر تمام ممبران اور انتظامیہ کا ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
پروگرام کے آخر پر سوسائٹی کے مرکزی رہنما راشد علی اعوان نے دعا کرائی اور ممبران کی تواضع پرتکلف کھانوں سے کی گئی۔