حکومت سویڈش شہری بننے کی شرائط کو سخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے،ماریا مالمر اور لینڈا کی پریس بریفنگ
سٹاک ہوم(رپورٹ:زبیر حسین)سویڈن میں اب شہریت واپس لینے کا قانون بھی نافذ ہونے جارہا ہے، دائیں بازو کی اتحادی حکومت نے جہاں سویڈش شہریت حاصل کرنے کے قوانین سخت کردیئے وہیں ایک ایسی قرارداد بھی پیش کردی جس کے تحت غیر ملکیوں سے سویڈش شہریت واپس لی جاسکے گی۔
تفصیلات کے مطابق سویڈن کی مائیگریشن منسٹر ماریا مالمر اور سویڈن ڈیموکریٹس کی گروپ لیڈر لینڈا نے ایک پریس بریفنگ کے ذریعے سویڈش شہریت کے نئے قوانین کے حوالے سے آگاہی فراہم کرتے ہوئے کہا کہ شہریت حاصل کرنے کے لیےحکومت سویڈش شہری بننے کی شرائط کو سخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
جس میں رہائش کی طویل مدت، یعنی وہ وقت جب آپ سویڈن میں مقیم ہیں،خود کفالت کے تقاضے،ایماندارانہ طرز عمل کے لیے سخت تقاضے ، سویڈن کے ساتھ وفاداری کے حلف سمیت سویڈش زبان اور سماجی علوم کی معلومات پر دسترس جبکہ شہریت کے لئے انٹرویو بھی لازمی ہوگا۔
شہریت کے حصول کے سخت تقاضوں کے ساتھ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ہم غیرملکیوں سے شہریت واپس لینے کے لئے بھی قوانین کی تبدیلی پر غور کر رہے ہیں۔
اگر کسی شخص نےجھوٹ کی بنیاد پر شہریت حاصل کی ہے یا پھر سویڈن کے سالمیت کے لئے خطرہ ہے تو ایسے شخص سے شہریت واپس لی جائے گی۔
آئین میں اس کی کیا گنجائش ہے اور یہ کیسے عمل میں لایا جائے گا اس کا اعلان سویڈن کے جسٹس منسٹر بہت جلد کریں گے۔