برسلز ( نمائندہ خصوصی) بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں استحکامِ پاکستان کے حوالے سے ایک عظیم الشان جلسے کا انعقاد کیا گیا۔
برسلز کے مرکزی مولن بیک چوک میں استحکامِ پاکستان کے حوالے سے اس اکٹھ کا اہتمام معروف سوشل ورکر ناصر چوہان، سردار صدیق اور ای یو پاک فیڈریشن بیلجیئم کے چیئرمین زاہد بھدر نے کیا تھا۔ اس جلسے کے مہمانِ خصوصی چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید تھے جب کہ اس کی نظامت پاکستان پریس کلب کے صدر عمران ثاقب نے کی۔
اس موقع پر مقررین نے نو مئی کو ہونے والے سانحے کی پُر زور مذمت کی اور پاکستانی اداروں خاص طور پر افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا بھر پور اظہار کیا۔ مقررین نے کہا کہ ہم پاکستان کی آبرو اور استحکام کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور اس بہاؤ کو روکنے کے لئے پاکستان کی ساکھ پر حملہ کرنے والے ہر داخلی و خارجی طاقت کو منہہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
مقررین نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پُر امن پاکستان دنیا میں امن کا ضامن ہے اس لئے کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
مہمانِ خصوصی علی رضا سید نے کہا کہ مضبوط پاکستان کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے اس لئے ہماری پوری کوشش ہے کہ پاکستان مضبوط و مستحکم رہے۔
پروگرام کا اختتام پاکستان کی سلامتی کی دعا اور پاکستان زندہ باد اور پاک افواج پائیندہ باد کے نعروں سے ہُوا۔
اس جلسے میں پاکستان مسلم لیگ ن بیلجیئم کے وفد نے اپنے صدر حاجی پرویز اقبال کی قیادت میں شرکت کی جبکہ پیپلز پارٹی کی نمائندگی اینٹورپن سے ملک محمد اجمل اور زبیر اعوان نے کی۔ دیگر شرکاء میں کونسلر ناصر چوہدری، شیخ ماجد ، شیخ الیاس، فرید خان، شکیل گوہر اور راجہ خالد نمایاں تھے۔