اوسلو(رپورٹ:عقیل قادر) ریڈیو اوسلو کی نشریات گذشتہ دو سالوں سے اردو سمیت چار مختلف زبانوں میں جاری ہیں ، ریڈیو اوسلو کی دوسری سالگرہ کے موقع پر ریڈیو اوسلو کے چیئرمین ارشد وحید چوہدری نے ایک خوبصورت تقریب کا اہتمام کیا جس میں خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کی مہمان خصوصی سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی تھیں۔ تقریب کا آغاز قاری محمود الحسن چشتی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور پروگرام کی نقابت کے فرائض پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کے مرکزی رہنما راشد علی اعوان نے ادا کئے۔
تقریب سے سعدیہ الطاف قاضی، ارشد وحید چوہدری، پاک ناروے فورم کے جنرل سیکریٹری چوہدری وسیم شہزاد، معروف شاعر ادریس لاہوری، ڈاکٹر بلال اور پیر سید نعمت علی شاہ بخاری نے خطاب کیا۔
سعدیہ الطاف قاضی نے ارشد وحید چوہدری کو ریڈیو اوسلو کی مبارکباد پیش کی اور انکی پاکستانی کمیونٹی کے لیے خدمات کو سراہا اور کہا کہ ریڈیو اوسلو نے اوسلو میں ایک ذمہ دارانہ صحافت کا کردار ادا کیا ہے۔
چوہدری وسیم شہزاد نے پاکستان کے موجودہ سیاسی تناظر کے حوالے سے بات کی اور کہا کہ ریاست پاکستان اور اسکے اداروں کا تحفظ ہماری سب سے بڑی ترجیح ہونی چاہیے۔ ادریس لاہوری نے اپنی خوبصورت شاعری کے ذریعے محفل میں خوب رنگ جمایا۔
پیر سید نعمت علی شاہ بخاری نے ناروے میں ا ردو صحافت کے لیے مرکزی کردار ادا کرنے والے افراد کے حوالے سے گفتگو کی اور ریڈیو اوسلو کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کی۔
ارشد وحید چوہدری نے تقریب میں شرکت کرنے اور اس کی رونق کو دوبالا کرنے پر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ارشد وحید چوہدری کی جانب سے کثیر تعداد میں ریڈیو اوسلو کے معاونین اور سامعین کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔