بدترین معاشی بحران کے باوجود حکمرانوں کے چہروں پراطمینان ناقابل فہم ہے
لاہور(پ ر) پنجاب اسمبلی کی سابق ممبر اورسیاسی وسماجی شخصیت عائشہ جاوید نے کہا ہے کہ وزیرمالیات اسحق ڈار کے ہاتھوں قومی معیشت کاجنازہ اٹھ گیا ،ناتواںروپے پرڈالر کے ڈرون حملے جاری ہیں ،ملک میں بدترین معاشی بحران کے باوجود حکمرانوں کے چہروں پراطمینان ناقابل فہم ہے۔
اشرافیہ کواپنی سیاست کیلئے ریاست دائوپرلگانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ ہماراسب کچھ ریاست کامرہون منت ہے، اس کے مستقبل اورقومی مفادات پرسمجھوتہ نہیں کیاجاسکتا۔بدقسمتی سے ابتر معاشی صورتحال کے باوجود حکمران آئندہ عام انتخابات میں دھاندلی کیلئے کھلم کھلا سیاسی مہم جوئی کررہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں عائشہ جاوید نے مزید کہا کہ اگراقتدار کے ایوانوں میںسیاسی انتقام کابازار گرم رہاتو ریاست،معیشت اورقومی سیاست تینوں کواس کاخمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔ دن بدن روپے کی بدترین بے قدری انتہائی تشویشناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشی ماہرین کواس بحران اورطوفان کے آگے بندباندھنا ہوگا،روپے کی قدر بحال کرنے کیلئے ڈالر کے فوری پرکاٹناہوں گے،انہوں نے کہا کہ ڈالرز ذخیرہ کرنیوالے عناصر کیخلاف کریک ڈائون کیاجائے ۔ سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام کی راہ دیکھنا بے سود ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کوریاست کی خاطر بحرانوں سے نجات کا راہ حل تلاش کرناہوگا ۔انہوں نے کہا کہ کیا ہماری قومی معیشت کاکوئی والی وارث نہیں، آئے روزسونا مہنگاہونے سے معاشرے کے محروم طبقات کیلئے نکاح مسنون مزید دشوار ہوجائے گا۔حکومت جواب دے ، اس ملک میںعام آدمی کیلئے آسانیاں کون پیداکرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بدترین معاشی بحران کے باوجود ارباب اقتدار واختیار اپنی ترجیحات درست نہیں کررہے ۔افسوس سیاسی قیادت ماضی کے انتظامی حادثات اورسیاسی سانحات سے کچھ سیکھنے کیلئے تیار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت کے مابین نفاق ہمارے وفاق کیلئے خطرے کی گھنٹی ہے ۔ ریاست اورمعیشت بچانے کیلئے اہل سیاست کو نیک نیتی کے ساتھ ایک پیج پرآنا ہوگا ۔