بچپن میں لیک کا مطلب یہی سمجھتے تھے سائکل کی ہوا لیک ہو گئی ھے اسکول جانے لگے تو ایگل پن کی سیاہی لیک کر جایا کرتی تھی کھیل کود میں دلچسپی لی تو معلوم ہو فٹبال کی بھی ہوا لیک ہو جاتی ھے موٹر سائیکل لی تو معلوم ہوا لیک کے ساتھ ساتھ پنکچر کے بھی امکانات ہیں وقت کے ساتھ ساتھ چیزوں کے نام وہی رہے مگر مفہوم تبدیل ہوتے رہے ۔
جیسے میل روانہ کر دیا ھے، اب اسکا مطلب ای میل ھے میل سے یاد آیا ریل گاڑی کے نام کے ساتھ بھی میل لگایا جاتا تھا جیسے خیبر میل اور طوفان میل وغیرہ وغیرہ نوجوان نسل میل کا مطلب صرف بلیک میل سمجھتی ھے،پنکچر کا مطلب، پینتیس پنکچر سمجھتی ھےیہ سب اس لیے ہوا ، ہمارا معیار اور اخلاق گرتا چلا گیا درحقیقت ہم بحیثیت قوم پست سے پستی کے سفر پر گامزن ہو گئے ہیں ۔
آج پانچ ، چھ سال کا بچہ بھی ویڈیو لیک کا مطلب سمجھتا ھے خبروں میں اور سوشل میڈیا میں دن رات چرچے کیے جاتے ہیں ویڈیو لیک کے نوجوان نسل آپس میں باتیں کرتی ہیں، لگتا ھے پھر کچھ نیا دیکھنے کو ملے گا نئی ویڈیو لیک ہونے والی ھے بچے بچے کے ہاتھ میں موبائل فون ھے، وہ کیا دیکھ رہے ہیں اور کیا کیا لیک کر رہے ہیں ہمیں نہیں معلوم مگر اتنا ضرور جانتے ہیں لیک کا سن کر انکے چہرے پر مسکراہٹ ضرور آجاتی ھے۔
قوم کے بڑے بزرگ آنے والی نسلوں کے لیے منزل کا تعین کرتے ہیں ہم آنے والی نسلوں کے لیے ویڈیو لیک کا تحفہ پیش کر رہے ہیں پہلے پہل بدکردار لوگوں کی ویڈیو لیک ہوا کرتی تھیں آج ان لوگوں کی ویڈیو لیک ہو رہی ہیں جن کا ماننا ھے کہ ہم عزت دار لوگ ہیں ہماری عزت عوام پر لازم ھے۔
سانحہ بہاولپور کی آڑ میں ہر روز کوئی نہ کوئی ویڈیو لیک کی جاتی ھےہماری عدلیہ، انتظامیہ اور مقننہ نے اسکا نوٹس لیا نہیں کیسے لیں گے انکی بھی ویڈیو منظر عام پر آجائیں گی، وفاقی وزیر پریس کانفرنس میں اپنے بیٹے کو ساتھ بٹھا کر اسکو بے قصور کہتے رہے کسی کی ہمت نہ ہوئی ان سے سوال کرنے کی، اگر یہی حالات رہے تو وہ دن دور نہیں جب بیٹا اپنے والد کو ساتھ بٹھا کر انکو معصوم کہہ رہا ہوگا کہ انکی ویڈیو جعلی ھے۔