اخوت سویڈن جس طرح منظم اور متحرک انداز میں کام کررہی وہ قابل تحسین ہے،ڈاکٹر امجد ثاقب

0

لاکھوں لوگوں کا قرض حسنہ سے اپناروزگار شروع کرنا اخوت کا عظیم کارنامہ ہے،مقررین

اخوت سویڈن کے زیر اہتمام سٹاک ہوم میں تقریب کا انعقاد

سٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی)پاکستان میں فلاحی سرگرمیوں میں اخوت کا نام صف اول میں شامل ہے۔ لاکھوں لوگوں کا قرض حسنہ سے اپناروزگار شروع کرنا اخوت کا عظیم کارنامہ ہے۔ تعلیم، روزگار، صحت اور بنیادی ضروریات بہم پہنچانے اور سماجی بہبود میں اخوت نے ایک تاریخ رقم کی ہے۔ ڈاکٹر امجد ثاقب کی قیادت میں اخوت کا مواخات کا پیغام دنیا بھر میں پھیل رہا ہے۔ غربت اور تنہائی کے خلاف اخوت کی جدوجہد دور حاضر کی درخشان مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہار اخوت سویڈن کے زیر اہتمام سٹاک ہوم میں ہونے والی ایک تقریب میں مقررین نے کیا جس کے مہمان خصوصی اخوت فائونڈیشن پاکستان کے چیئر مین ڈاکٹر محمد امجد ثاقب تھے۔

تقریب میں سٹاک ہوم کے علاوہ سویڈن کے دوسرے شہروں گوتھن برگ، اپسالا، ویستروس اور دیگر مقامات سے لوگوں نے شرکت کی۔ عمران اللہ چوہدری کی تلاوت قرآن حکیم اور تصدق حسین کی نعت رسول مقبول سے اس تقریب کا آغاز ہوا۔ اخوت سویڈن کے نائب صدر عمران کھوکھر نے اخوت فائونڈیشن کے چیئر مین ڈاکٹر امجد ثاقب، اخوت برطانیہ کے صدر عارف انیس ، اخوت پاکستان کے بورڈ ممبر جنید ثاقب اور شرکاء کو خوش آمدید کہا اور تقریب کی نظامت کے فرائض سرانجام دیئے۔

محترمہ رفعت جہاں نے کہا کہ جب بھی پاکستان میں سماجی بہبود کے حوالے سے بات کرتے ہیں تو اخوت کا نام ہی سب سے پہلے ذہن میں آتا ہے۔ لاکھوں لوگوں کو غربت سے نکال کر باعزت روزگار دینا بلاشبہ اخوت کا عظیم کام ہے۔ اس موقع پر اخوت سویڈن کے سیکریٹری اطلاعات شہاب قادری نے اخوت سویڈن کی سرگرمیوں کی تفصیلات ویڈیو رپورٹ کی صورت میں پیش کی۔

اخوت کے جنرل سیکریٹری ابرار اکبر نے اخوت سویڈن کی مستقبل کی سرگرمیوں کی تفصیل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم سویڈن میں تعلیمی، سماجی اور دیگر ضروریات کے لئے سرگرمیاں شروع کریں گے تاکہ جن لوگوں کو یہاں کسی طرح سے بھی مدد کی ضرورت ہو، وہ پوری کی جاسکے۔

سولنا بلدیہ کی مئیر سارا کوکا سلام جنہیںسویڈن کی پہلی مسلمان خاتون مئیر ہونے کا اعزاز حاصل ہے، انہوں نے ڈاکٹر امجد ثاقب کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جہاں سماجی بہبود کا نظام نہیں ہے ، وہاں پر اخوت جیسے ادارے کی بہت ضرورت ہے۔ انہیں اخوت کے کام نے بہت متاثر کیا ہے اور وہ جب پاکستان جائیں گی، اخوت یونیورسٹی کا دورہ کریں گی۔

اخوت سویڈن کے صدر ڈاکٹر عارف محمود کسانہ نے کہا کہ اہل سویڈن بہت عرصہ سے ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کی آمد کے منتظر تھے اور انہیں حال ہی میں ہلال امیتاز، مین آف دی ڈیکیڈ اور رامون میگسیسے ایورڈ جسے ایشیائی نوبل انعام بھی کہا جاتا ہے ملنے پر مبارکبا دپیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب سویڈن میں اخوت کا تعارف ہر ایک تک پہنچ چکا ہے اور یہاں رہنے والے اخوت کو دل کھول کر عطیات دیتے ہیں۔ گذشتہ سال بغیر کسی فنڈ ریزنگ پروگرام کے اہل سویڈن نے تقریبا َ تین کروڑ روپے کے عطیات دیئے۔ سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی میں اخوت سویڈن نے بھر پور کام کیا۔

اخوت برطانیہ کے صدر عارف انیس نے کہا کہ انہیں آج کی تقریب میں شرکت کرکے بہت خوشی ہورہی ہے او رجس انداز سے اخوت سویڈن نے اس کا انعقاد کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ خواتین اور بچوں کی شرکت سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ گھر کے ہرفرد کے دل پراخوت کے پیغام نے اثر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اخوت کا پیغام دینا بھر میں پھیل رہا ہے اور پاکستان سے باہر برطانیہ بشمول سکاٹ لینڈ، امریکہ، سویڈن، سپین، ڈنمارک او دیگر ممالک میںاخوت کام کررہی ہے۔

اخوت فائونڈیشن پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے اپنے استقبال اور پذیرائی پر اہل سویڈن کا شکریہ اد ا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن کے ساتھ ان کا گہرا تعلق ہے اور اخوت سویڈن جس طرح منظم اور متحرک انداز میں کام کررہی وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اخوت کے تحت مواخات مدینہ کی درخشان مثال کوزندہ کیا ہے۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا اخوت نے ایک خصوصی منصوبہ شروع کیا ہے جس کے تحت پاکستان میں آئی ٹی کے طلبہ کو تعلیم و تربیت دینے ساتھ پیشہ وارانہ اسناد دی جائیں گی تاکہ وہ ملک اور بیرون ملک اچھا روزگار حاصل کرسکیں ۔ہم پچیس ہزار طلبہ کو یہ تربیت دینا چاہتے ہیں اور اس منصوبہ سے پاکستان میں مالی خوشحالی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طالب علم پر دو ہزار سویڈش کرونا خرچ آتا ہے، جس کے لئے اخوت آپ سب سے تعاون کی اپیل کرتی ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر امجد ثاقب کی نئی شائع ہونے والی کتابوں Akhuwat a Journey اور ’’سیلاب کہانی ‘‘ کی تقریب رونمائی منعقد کی گئی۔

تقریب کے شرکاء نے اخوت کے لئے بھر پور عطیات بھی دئیے۔ اخوت سویڈن کی جانب سے ڈاکٹر محمد امجد ثاقب کو ایک سوئینر پیش کیا گیا جبکہ گزشتہ سال پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے عطیات دینے پر اور اخوت سویڈن کے لئے خدمات سرانجام دینے پر جناب احسان مصطفی ، قیصر غیور، عمران کھوکھر اور قیصر مرزا کو ڈاکٹرمحمد امجد ثاقب نے شیلڈ دیں۔

تقریب میں شریک خواتین و حضرات نے ڈاکٹر امجد ثاقب کی کتابیں بہت شوق سے خریدیں جن کی تمام رقم اخوت کو ادا کی گئی۔ قبل ازیں مقامی ریسٹورنٹ پنجابی مصالحہ تھین ستھا نے ڈاکٹر امجد ثاقب کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس میں اخوت سویڈن کے بورڈ کے اراکین اور ڈونرز شریک ہوئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!