ہم اپنے وطن پہ فدا ہوجانے والوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے، ہائی کمشنر سید احسن رضا
کوالالمپور(محمد وقار خان)6 ستمبر پاکستان کے یوم دفاع کے حوالے سے پاکستان ہائی کمیشن کی عمارت میں ایک تقریب منعقد کی گئی۔جس کا مقصد سرزمینِ پاک کے دفاع کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنا اور اس عہد کی تجدید کرنا تھا کہ آ ئندہ بھی وطن کیلئے کسی قسم کی قربانی سے گریز نہیں کریں گے ۔
تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا،اسکے بعد پاکستان اور ملائشیا کے قومی ترانے لگائے گئے اور افواج پاکستان کی طرف سے 6 ستمبر کے موقع پر خصوصی طور پر جاری کردہ پرومو ویڈیو دکھائی گئی جس کو حاضرین نے بھرپور تالیاں بجا کر سراہا۔
ملائشیا میں پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا نے کہا کہ دشمن پہلے بھی ہمیں آزما چکا ہے ۔ ہم اپنے وطن پہ فدا ہوجانے والوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے ۔ ہمارے بعد ہماری نسلیں بھی اس عزم کو ساتھ لے کر چلیں گی ۔
ہائی کمشنر سید احسن رضا، ڈیفنس ایڈوائزر کموڈور ناصر محمود نے جنرل ساحر شمشاد کا پیغام پڑھ کر سنایا کہ افواج پاکستان اور پاکستان کی عوام 6 ستمبر کے ہیروز کی شجاعت کو دہرانے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔ ہم اپنےغازی اور شہدا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کو ایک عظیم مملکت بنائیں گے ۔
تقریب میں ترکی ، چائنہ ، سنگاپور ، نائجیریا ، میانمار ، فلپائن اور برونائی کے ڈیفنس اتاشی، ملائشین افواج کے آفیسرز اور تھنک ٹینک کے سکالرز ، ملائشین دفاعی انڈسٹری کے سرکردہ نمائندگان کے علاوہ ڈپٹی ہائی کمشنر محمد عادل ، تھرڈ سیکرٹری امیر حسن بٹ ، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر حسیب امین، انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کونسلر محترمہ صغری حبیب کے علاوہ پاکستان ہائی کمیشن کے تمام آفیسرز سمیت ملائشیا میں مقیم پاکستانی بزنس کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی ۔