اسلام آباد(ویب ڈیسک)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے اوپن پاکستان کے حوالے سے نئی ویزا رجیم کا فیصلہ کیا ہے۔ کاروباری افراد یا سرمایہ کار بیرون ملک سے بین الاقوامی کاروباری اداروں کی دستاویز پر پاکستان کا ویزا آسانی سے حاصل کرسکیں گے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی اپیکس کمیٹی کے پانچویں اجلاس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے پلیٹ فارم سے اوپن پاکستان کے حوالے سے نئی ویزا رجیم کے متعلق انتہائی اہم فیصلے لیے گئے ہیں جس کے تحت کاروباری افراد اور کاروبار سے منسلک بیرون ملک مقیم لوگ اگر پاکستان آنا چاہیں تو ان ممالک یا بین الاقوامی کاروباری اداروں کی جانب سے جاری ایک دستاویز پر ان کو آسانی سے پاکستان کے تمام مشنز ویزا کا اجرا کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ ہمارے تمام چیمبرز اور کاروباری افراد پاکستان سے باہر کسی فرد کو ایسی دستاویز جاری کریں گے اس کی بنیاد پر اس فرد کو ویزا کے اجراء میں آسانیاں ہوں گی۔وزیراعظم نے کہا کہ افراد کے ساتھ ساتھ درمیانے اور بڑے کاروباری اداروں سے منسلک افراد کو بھی یہ آسان ویزا رجیم کی سہولیات میسر ہوں گی۔ پاکستان کاروبار اور معیشت کے ایک نئے دور میں داخل ہونے جارہا ہے۔
نگران وفاقی وزرا کی میڈیا کو بریفنگ کرتے ہوئے کہا کہ خارجہ پالیسی کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی گئی اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ لک افریقہ پالیسی مرتب کی گئی ہے، پالیسی کے تحت افریقی ملکوں سے روابط مزید بڑھائے جائیںگے اور یورپی یونین کے ساتھ تجارت کو مزید فروغ دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارے بہترین اور مضبوط دوستانہ تعلقات ہیں۔ علاوہ ازیں نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ کافی عرصے سے ویزا پالیسی مرتب نہیں ہو پا رہی تھی،وزارت داخلہ نے ویزا پالیسی کو کاروبار دوست بنایا ہے، بیرونی سرمایہ کاروں کو آسان شرائط پر ویزا کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی بندوق کی نوق پر کسی کو اپنا ایجنڈا مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔