چین – یورپ ٹرینوں نے عالمی معیشت کی ترقی میں نئی تحریک پیدا کی ہے، شی جن پھنگ
بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پھنگ نے چین-یورپ بین الاقوامی تعاون فورم کے نام مبارکباد کا خط بھیجا۔جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ چین-یورپ ٹرینوں کے آغاز کے بعد سے ان ٹرینوں نے اپنے محفوظ، مستحکم اور ہموار آپریشن کو برقرار رکھا ہے۔
ایشیا اور یورپ کے درمیان بین الاقوامی نقل و حمل کا ایک نیا نمونہ قائم کیا ہے اور مؤثر طریقے سے اقتصادی اور تجارتی تعاون کے لیے ایک نیا پلیٹ فارم فراہم کیا ہے ۔ چین – یورپ ٹرینوں نے بین الاقوامی صنعتی چین اور سپلائی چین کے استحکام کی ضمانت دی ہے اور عالمی معیشت کی ترقی میں نئی تحریک پیدا کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین امن و تعاون، کشادگی و جامعیت، باہمی سیکھنے، وسیع مشاورت اور مشترکہ شراکت و فوائد کے اصول پر عمل پیرا ہونے کے لیے شاہراہ ریشم کے جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے تمام فریقوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ چین -یورپ مال بردار ٹرینیں اعلیٰ معیار اور بہتر کارکردگی کی راہ پر گامزن ہیں۔
چین- یورپ ٹرینیں بنی نوع انسان کے ہم نصیب سماج کے فروغ کے لیے ترقی کی محفوظ سمت میں سفر جاری رکھیں گی اور عالمی اقتصادی ترقی میں اپنا اہم کردار ادا کرتی رہیں گی۔