میڈرڈ (ویب ڈیسک) اسپین کے نائٹ کلب میں برتھ ڈے پارٹی کے دوران اچانک آگ بھڑ اُٹھی جس نے پورے بار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور بری طرح جھلسنے اور دھوئیں سے دم گھٹنے کے باعث 13 افراد ہلاک ہوگئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق اسپین کے نائٹ کلب میں سال گرہ منائی جا رہی تھی اور رات بھر موسیقی اور مے نوشی جاری رہی۔ صبح 6 بچے اچانک آگ بھڑک اُٹھی تھی۔
فائر بریگیڈ کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ آگ نائٹ کلب کی بالائی منزل پر لگی تھی جس سے پوری عمارت مخدوش ہوگئی ہے جو کسی بھی وقت گر سکتی ہے۔
ریسکیو اداروں نے امدادی کاموں کے دوران درجن سے زائد افراد کو منتقل کیا جہاں 13 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی جب کہ 4 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔
میئر نے آتشزدگی سے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہر بھر میں 3 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔