پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کو اہمیت دی ہے،چوہدری ندیم اصغر کائرہ

0

پاکستان میں جلد انتخابات ہونگے،میاں نواز شریف کی پاکستان واپسی خوش آئند ہے، بارسلونا میں پریس کانفرنس

بارسلونا(رپورٹ:کاشف شہزاد)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور اوورسیز کمیٹی کے ممبر چوہدری ندیم اصغر کائرہ کی بارسلونا میں پریس کانفرنس، پاکستان پریس کلب کے صدر شاہد احمد شاہد سمیت تمام صحافیوں کی شرکت۔

پاکستان پیپلز پارٹی اسپین کے صدر چوہدری اشتیاق حسین، سینئر نائب صدر چوہدری عمران اختر چھوکر کلاں، میڈیا سیکرٹری یورپ حافظ عبدالرزاق صادق ،راجہ ضیا صدیق، چوہدری عمران اختر مہر،چوہدری فرحان اختر مہر اور فرید بھٹی بھی موجود تھے۔

چوہدری ندیم اصغر کائرہ نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ اوورسیز پاکستانیوں کو اہمیت دی ہے اور یہ جماعت تارکین وطن کو اپنے قریب سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک جماعت نے خوب اوورسیز پاکستانیوں کو استعمال کیا لیکن کوئی فائدہ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ میں اس حق میں ہوں کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں ایک ذاتی موبائل کے استعمال کی اجازت ہونی چا ہئے جو ٹیکس فری ہو۔انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ آئین کی بات کرتی آئی ہے اب بھی ہمارا مطالبہ ہے کہ 90 روز میں انتخابات ہونے چاہئیں اور ہم امید بھی کرتے ہیں کہ پاکستان میں جلد انتخابات ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی پاکستان واپسی خوش آئند ہے اور ہماری پارٹی انہیں خوش آمدید کہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جاری ظلم کی مذمت کرتا ہوں سیاسی ورکرز پر تشدد نامنظور ہے لیکن انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں اس سے گزرتی ہیں اور ہم بھی ایسے تشدد سے گزرے ہیں ہمارے ورکرز کو جان سے بھی مار دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہر انسان ظلم برداشت نہیں کرسکتا جس قدر کر سکتا ہے کرتا ہے، نہیں تو اس کے اعصاب جواب دے جاتے ہیں اور پھر پریس کانفرنس کرنا ہی عافیت ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور سیاسی کارکن میں چاہتا ہوں کہ سب جماعتوں کو برابری کی سطح پر انتخابات کا حصہ ہونا چا ہئے،یہ نہیں ہونا چاہئے کہ کسی کو انتخابی مہم ہی نہ چلانے دی جائے اور کسی کو کھلے عام سب کچھ کرنے دیا جائے سب کو برابری کا ماحول دیا جانا چاہئے۔

انہوں نے آخر میں اسرائیل کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی انسان اور کوئی بھی انسانی حقوق کی تنظیم اس جارحیت کی مذمت کئے بغیر نہیں رہ سکتی، انہوں نے کہا کہ میری جماعت نے بھی مذمت کی اور میں بھی مذمت کرتا ہوں اور اس کھلی جارحیت کو فوری روکنا چاہئے تاکہ معصوم جانیں بچ سکیں۔

پریس کانفرنس کے بعد بارسلونا کے ایک مقامی ریسٹورنٹ پر ندیم اصغر کے اعزاز میں چوہدری عمران اختر چھوکر کلاں نے ایک شاندار عشائیہ کا اہتمام کیا۔جس میں پاکستان پیپلز پارٹی اسپین کے عہدیداروں کے علاوہ معززین بارسلونا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!