سویڈن نے فلسطین کی مالی امداد غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی
حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سویڈن کے مختلف شہروں میں فلسطینی عوام کا جشن سویڈن کی موجودہ حکومت کو انتہائی ناگوار گزرا
اسٹاک ہوم (رپورٹ:زبیر حسین) فلسطین کو ریاست کا درجہ دینے والے یورپ کے سب سے پہلے ملک سویڈن نے فلسطین کی مالی امداد غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔
سویڈن ڈیموکریٹس کے سربراہ جمی اوکیسن کا کہنا ہے کہ ہمیں اس بات پر غور کرنے کی بھی اشد ضرورت ہے کہ ہم فلسطین کوریاستی درجہ دینے کے فیصلے کو واپس لیں۔
حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد سویڈن کے مختلف شہروں میں فلسطینی عوام کا جشن سویڈن کی موجودہ حکومت کو انتہائی ناگوار گزرا ، مقامی اخبار کو انٹریو دیتے ہوئے سویڈن ڈیموکریٹس کے سربراہ جمی اوکیسن کا کہنا تھا کہ جشن منانے والے تمام افراد کو فی الفور ڈی پورٹ کردینا چاہئے کیونکہ وہ کئی سال سویڈن میں گزارنے کے باوجود ہمارے معاشرے میں ضم نہ ہوسکے اور ایک خونی دہشت گرد حملے پر خوشیاں منارہے ہیں۔
دوسری جانب سیاسی جماعتوں کی بحث میں جمی اوکیسن کا کہنا تھا کہ ہمیں سوشل ڈیموکریٹس حکومت کے اس فیصلے پر بھی نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے جس میں انہوں نے فلسطین کو ایک ریاست کا درجہ دیا۔
حکومتی نمائندگان نے ایک پریس کانفرنس کے ذریعے اعلان کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ہم اسرائیل پر حماس کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فلسطین کی مالی امداد غیر معینہ مدت کے لئے بند کررہے ہیں۔