ایکسپو میں پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک کی خواتین بھی حصہ لیں گی
مختلف ممالک کی مصنوعات ایکسپو میں نمائش میں رکھی جائیں گی، خواتین کو بزنس بڑھانے کا موقع ملے گا
بچوں کی دلچسپی کے لئے کھیل کود، خواتین کے لئے مہندی اور فیس پینٹنگ کی سہولت بھی رکھی گئی ہے
دبئی (طاہر منیر طاہر) خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں بزنس کے مواقع فراہم کرنے کے لئے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی کے لیڈیز فورم نے وومن بزنس ایکسپو کا اہتمام کیا ہے جوپاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں 25نومبر 2023کو منعقد کی جا رہی ہے۔
ایکسپو میں پاکستان کے علاوہ دیگر ممالک کی خواتین بھی حصہ لیں گی، لیڈیز ونگ کی صدر ڈاکٹر عا ئزہ علی خاں نے بتایا کہ جدید دور کے تقاضوں کو پورا کرنے اور زمانے کے سنگ چلنے کے لئے لیڈیز ونگ نے دنیا بھر خصوصاً پاکستانی خواتین کو بزنس کے فیلڈ میں آگے بڑھنے کے لئے وومن بزنس ایکسپومیں شرکت کا موقع فراہم کیا ہے، جہاں خواتین کو اپنی مصنوعات کی نمائش کا موقع ملے گا۔
ایکسپو کے ذریعے پاکستانی خواتین کو دوسرے ممالک کی بزنس وومن سے ملنے، بات چیت کرنے اور سیکھنے کا موقع ملے گا۔
کاروبار کی دنیا میں بچیوں کی رہنمائی اور اخلاقی مدد کا موقع بھی ملے گا اور ان کو آسان شرائط پر کاروبار کو فروغ دینے کے لئے ضروری معلومات بھی فراہم کی جائیں گی، وومن بزنس ایکسپومیں ہر عمر کی خواتین حصہ لے سکیں گی۔
بزنس میں دلچسپی رکھنے والی خواتین اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے اور پاکستان کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے وومن بزنس ایکسپومیں حصہ ضرور لیں اور ملک کا نام روشن کریں۔