سوئیڈن: یالادا تھیٹر کی جانب سے کمیونٹی کیلئے مفت شوزکا انعقاد،صوفیانہ کلام عربی، فارسی اور اردو زبان میں پیش کیا گیا
مالمو (زبیر حسین) یالادا تھیٹر سویڈن میں بین الاقوامی ثقافت کو فروغ دینے کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ ہر سال پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے تعاون سے یالاداتھیٹر پاکستانی کمیونٹی کے لئے مفت تھیٹر شو کا انعقاد کرتا ہے، گزشتہ سال تھیٹر شو ملالئی پیش کیا گیا جو کہ پاکستان سمیت دنیا کے دیگر سات ممالک میں لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے نشر کیا گیا تھا۔تھیٹر شو درویش میں صوفیانہ کلام عربی، فارسی اور اردو زبان میں پیش کیا گیا جبکہ درویشی کی تاریخ کے حوالے سے کہانیاں بھی سنائی گئیں جنہیں شائقین نے بے حد پسند کیا۔
پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے سربراہان زبیر حسین اور محمد سرور کا میڈیا بریفنگ کے دوران کہنا تھا کہ ملالہ تھیٹر پاکستان میں تعلیمی جدوجہد کے مثبت پہلو کو اجاگر کرنے کے حوالے سے تھا جبکہ درویش تھیٹر کے ذریعے بچوں اور نوجوانوں کو درویشی سے متعلق معلومات مہیا کی جارہی ہے کہ دنیا میں ایسا طبقہ بھی موجود ہے جو پوری زندگی صوفیانہ انداز میں گزار کر خدا کی خوشنودی حاصل کرنے میں گزار دیتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ درویش تھیٹر شو رواں برس سویڈن کے شہر اسٹاک ہوم میں بھی کروایا جائے گا جبکہ پاکستان کے بڑے شہروں میں بذریعہ لائیو اسٹریمنگ نشر کیا جائے گا۔یالادا تھیٹر کی ڈائریکٹر ریام الجزائری کا کہنا تھا کہ جہاں دنیا تیز رفتاری سے ترقی اور تبدیلی کی طرف گامزن ہے وہیں آنے والی نسلوں میں روحانیت ، مذہب اور ثقافت کا فقدان بڑھتا چلا جارہا ہے، انہیں اس جانب راغب کرنے کیلئے ہم اس طرح کے تھیٹر شو کا انعقاد کرتے ہیں جس میں ہر عمر کے افراد کے لئےتفریحی ماحول میں معلومات کا عنصر پایا جائے۔
درویش کا مرکزی کردار ادا کرنے والےآرٹسٹ علی راشد کا کہنا تھا کہ درویش تھیٹر شو شاید بہت ہی مختصر شو ہےہوسکتا ہے، اس میں درویشی سے متعلق مکمل معلومات موجو د نا ہوں مگر شائقین اس تھیڑ کے بعدکتابوں اور انٹرنیٹ کے ذریعے مکمل معلومات حاصل کرنے کی کوشش ضرور کریں گے اور یہ ہی ہمارا مقصد ہے کہ ایسے موضوعات پر کام کیا جائے جس سے دنیا کے مثبت کرداروں اور پہلوؤں کو زندہ رکھا جائے۔
تقریب میں خواتین اور بچوں سمیت معروف سماجی و کاروباری شخصیات خرم خان، راجہ عاطف شہزاد، محمد عرفان ، عبید خان اور دیگر نے شرکت کی، شرکاء نے تھیٹر شو کو بے حد پسند کیا اور یالادا تھیٹر کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا کہ وہ پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے تعاون سے پاکستانی کمیونٹی کے لئے ہمیشہ اس طرح کے منفرد اور بہترین پروگرامز کا انعقاد کرتے ہیں۔