برسلز:غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے احتجاجی مظاہرہ، سخت سردی کے باوجود ہزاروں افراد کی شرکت

0

برسلز(نمائندہ خصوصی) غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے یورپین دارالحکومت برسلز میں اتوار کے روز ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔بیلگو فلسطینین آرگنائزیشن کی اپیل پر ہونے والے اس مظاہرے میں سخت سردی کے باوجود ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں فلسطین کے جھنڈے، پلے کارڈز اور مختلف بینر اٹھا رکھے تھے۔ جن پر اسرائیل کو فلسطینیوں کے قتل عام کا ذمہ دار ٹہراتے ہوئے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ جبکہ مارچ کے دوران مظاہرین راستے میں جو نعرے لگاتے رہے اس میں فلسطین کو آزاد کرو، فلسطینی بچوں کا قاتل اسرائیل اور بائیکاٹ اسرائیل جیسے نعرے سر فہرست تھے۔

یہ مظاہرہ نارڈ سٹیشن سے شروع ہوا اور مختلف راستوں سے ہوتا ہوا یورپین کونسل کے عقب میں واقع پارک میں ایک جلسے کی صورت اختیار کر گیا۔جہاں سائوتھ افریقہ اور فلسطین کے سفیروں سمیت بہت سی بین الاقوامی تنظیموں کے ذمہ داران نے خطاب کیا۔

اس موقع پر مقررین نے یورپین یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ اس جنگ کو روکنے کیلئے فوری طور مزید اقدامات کریں اور اسرائیل کے سفیر کو واپس بھیجیں۔ اس کے علاوہ انسانی ہمدردی کی فوری امداد کی بڑی اور مسلسل ترسیل اور بین الاقوامی امدادی تنظیموں کو غزہ جانے کی اجازت دلوائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!