شہر قائد کراچی میں پہلے کچھی کلچرل ڈے کی تیاریاں مکمل، پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کا خیر مقدم

0

اسٹاک ہوم (انٹرنیشنل نیوز ڈیسک) پاکستان ، بھارت، ملاوی، تنزانیہ اور یورپ سمیت دنیا بھر میں بسنے والی کچھی قوم نے ایک مشترکہ پلیٹ فارم کے قیام پر نا صرف لبیک کہا بلکہ یکم مئی کو کچھی کلچرل ڈے منانے کا باقاعدہ اعلان بھی کردیا۔

پاکستان میں موجود پانجی کچھی کے نام سے کام کرنے والی کچھی کمیونٹی کی مجلس شوریٰ نے یکم مئی کو بین الاقوامی کچھی ثقافتی دن منانے کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ کچھی قوم دنیا بھر میں محنت کش قوم کے نام سے جانی جاتی ہے اس لئے ہم نے مزدوروں کے عالمی دن پر ہی کچھی قوم کے ثقافتی دن کو منانے کو ترجیح دی ہے۔

پانجی کچھی مجلس شوریٰ کےجانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کچھی قوم کی قیام پاکستان کے لئےان گنت کاوشیں ہیں، قائد اعظم محمدعلی جناح ، حاجی عبداللہ ھارون اور آئی آئی چندریگر جیسےبے شمار کچھی سپوتوں کی قربانیاں پاکستان کے لئے کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

پانجی کچھی مجلس شوریٰ کے سربراہ ڈاکٹر ہانی کچھی نے دورجدید میں کچھی زبان کی اہمیت اجاگر کرنے کے لئے اردو حرف تہجی پر مبنی کچھی زبان کا کی بورڈ بھی جاری کردیا ۔جس کا نام بانی کچھی کی بورڈ ہے،یورپ کے سماجی ادارے پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے سربراہ نے کچھی قوم کے اس اقدام کو سراہا اور اپنے ادارے کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ یورپ بھر میں مقیم کچھی برادری پاکستان پروموشن نیٹ ورک یورپ کے تعاون سے یورپ میں کچھی کمیونٹی کو متحد کرکے ورلڈ کچھی فاؤنڈیشن کے دھارے میں لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

زبیر حسین کا مزید کہنا تھا کہ ان کا تعلق بھی کچھی مسلم لوہارواڈا جماعت سے ہے اور وہ یکم مئی کو یورپ بھر سے وفد کی شکل میں شہر قائد میں ہونے والے پہلے کچھی ثقافتی دن کی تقریبا ت میں شرکت کریں گے۔

پانجی کچھی مجلس شوریٰ کے ممبران نے کچھی ثقافتی دن کے حوالے سے نہ صرف اپنے لائحہ عمل جاری کیا ہے بلکہ گزشتہ دنوں ان کی جانب سے ویڈیو ٹیزرز بھی جاری کئے گئے ہیں، پانجی کچھی مجلس شوریٰ بہت جلد کچھی ثقافتی دن کے حوالے سے سرگرمیوں کا شیڈول بھی جاری کرے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

error: Content is protected !!