چین اور ہنگری دوطرفہ تعلقات کو طویل مدتی نقطہ نظر سے دیکھیں گے، شی جن پھنگ
بڈا پسٹ (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پھنگ نے اپنے سرکاری دورے میں ہنگری پہنچنے پر بوڈا پیسٹ ہوائی اڈے پر اپنی تقریر میں کہا کہ وہ ہنگری کے صدر اور وزیر اعظم کی دعوت پر ہنگری آنے پر خوشی محسوس کر رہے ہیں۔انہوں نے چین کی حکومت اور عوام کی جانب سے ہنگری کی حکومت اور عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔جمعرات کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق صدر شی نے کہا کہ ہنگری اپنی تاریخ اور ثقافتی ورثے کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔
یہاں کے لوگ محنتی ہیں اور حالیہ برسوں میں عوام اور حکومت نے مل کر سماجی ترقی میں متاثر کن پیش رفت حاصل کی ہے اور ہنگری کی کامیابیوں پر چین ایک اسٹریٹجک پارٹنر کی حیثیت سے خوشی محسوس کرتا ہے ۔چین کے صدر نے کہا کہ چین اور ہنگری اچھے دوست اور باہمی اعتماد کے اچھے شراکت دار ہیں۔ 1949 ء میں ہنگری عوامی جمہوریہ چین کو تسلیم کرنے اور اس کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے والے پہلے ممالک میں سے ایک تھا۔
انہوں نے کہا کہ 2004 میں دوستانہ اور تعاون پر مبنی شراکت کے قیام کے فیصلے اور 2017 ء میں دوطرفہ تعلقات کو ایک جامع اسٹریٹجک شراکت داری تک لے جانے میں دونوں ممالک نے باہمی فائدہ مند تعاون مسلسل بہتر کیا ہے اور روایتی چین ہنگری دوستی کے لئے عوامی حمایت کو مضبوط بنایا ہے ۔
صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں فریقوں نے باقاعدگی سے اعلیٰ سطحی تبادلے، باہمی اعتماد کو گہرا کرنے، بیلٹ اینڈ روڈ تعاون میں نتیجہ خیز کامیابیوں ، لوگوں کے درمیان متحرک ثقافتی تبادلے اور بین الاقوامی اور علاقائی امور میں قریبی تعاون دیکھا ہے اور ایک نئی قسم کے بین الاقوامی تعلقات کی تعمیر کی ایک عمدہ مثال قائم کی ہے جس میں باہمی احترام، منصفانہ، انصاف اور جیت نے والا تعاون شامل ہے۔
صدر شی نے کہا کہ یہ سال دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ ہے جو دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لئے ایک اہم موقع ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ صدر تاماس سلیوک، وزیر اعظم وکٹر اوربان اور رہنماؤں سے ملاقات کے منتظر ہیں جس میں مشترکہ طور پر تعاون اور ترقی کے لئے ایک نیا خاکہ پیش کریں گے ، جس کا مقصد چین ہنگری تعلقات کو بڑی پیش رفت میں آگے بڑھانا اور اسے اعلی سطح پر لے جانا ہے۔
چین کے صدر نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ چین اور ہنگری ہمیشہ دوطرفہ تعلقات کو ایک وسیع اور طویل مدتی نقطہ نظر سے دیکھیں گے، بھرپور اور پرعزم کوششوں کے ذریعے بنی نوع انسان کے ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کے مقصد کے لئے مل کر کام کریں گے اور عالمی امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی میں اپنا مناسب حصہ ڈالیں گے۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ ان کا یہ دورہ مکمل طور پر کامیاب ہوگا اور چین ہنگری تعلقات کے مزید روشن مستقبل کا آغاز کرے گا ۔